اوپن مارکیٹ ڈالر 4 ‘ انٹر بنک 3.05: سونا 1200 روپے تولہ مہنگا


کراچی (کامرس رپورٹر) انٹر بنک اور مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں ڈالر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر جا پہنچا۔ انٹر بنک میں ڈالر232.93 روپے اور اوپن مارکیٹ میں 237روپے کا ہو گیا۔ فاریکس ڈیلرز کے مطابق برآمد کنندگان بنکوں کی جانب سے زیادہ سے زیادہ ایل سی کی حد استعمال کر رہے ہیں اور تیل کے لیے لیٹر آف کریڈٹ ادائیگیوں کی وجہ سے روپیہ انٹرا ڈے ٹریڈنگ کے دوران روپیہ کم ترین سطح پر آیا۔ انٹر بنک میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں 3.05روپے کا اضافہ ہوا جس سے ڈالر کی قیمت 229.88روپے سے بڑھ کر232.93روپے ہو گئی۔ اسی طرح مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں 4روپے کے ریکارڈ اضافے سے ڈالر کی قیمت خرید 231روپے سے بڑھ کر 235روپے اور قیمت فروخت233روپے سے بڑھ کر 237روپے ہو گئی۔ عالمی مارکیٹ میں 12ڈالرکی کمی سے فی اونس سونا 1718ڈالر ہو گیا۔ تاہم ملکی صرافہ مارکیٹوں میں سونا مہنگا ہو گیا۔ ملکی صرافہ مارکیٹوں میں ایک تولہ سونا 1200روپے مہنگا ہو کر1لاکھ 49 ہزار 500 روپے ہو گیا۔ اسی طرح 1029روپے کے اضافے سے دس گرام سونے کی قیمت 1لاکھ 28ہزار 172روپے ہو گئی۔ پاکستان سٹاک ایکس چینج میں منگل کو کاروباری اتار چڑھائو کے بعد معمولی تیزی کا رجحان رہا۔ ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس 40100 پوائنٹس کی حد عبور کرنے کے بعد 39800پوائنٹس کی سطح پر واپس آگیا تاہم انڈیکس 50پوائنٹس بڑھ گیا اور مارکیٹ کے سرمائے میں9ارب روپے سے زائد کا اضافہ بھی ریکارڈ کیا گیا۔ معمولی تیزی سے 49فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔ سیاسی کشمکش کے باعث عدم استحکام کے خدشے کے پیش نظر سرمایہ کار تذبذب کا شکار رہے جس کی وجہ سے مارکیٹ کاروباری اتار چڑھائو کی لپیٹ میں رہی۔ انڈیکس 40ہزار پوائنٹس کی نفساتی حد عبور کرنے کے بعد اس حد سے گر گیا۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...