بلاول کی مفتاح اسماعیل سے ملاقات ، اقتصادی صورتحال ، وزارت خارجہ کے مالیاتی امور پر گفتگو

Jul 27, 2022

اسلام آباد؍ لاہور (نمائندہ خصوصی+نامہ نگار خصوصی) وزیر خارجہ  بلاول بھٹو زرداری نے وزارت خزانہ کا دورہ کیا، جہاں ان کی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل سے ملاقات ہوئی۔ وزیر خزانہ نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ وزیر خزانہ اور وزیر خارجہ نے ملک کی موجودہ سیاسی اور اقتصادی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں بیرون ملک پاکستانی مشنز اور وزارت خارجہ سے متعلق مختلف مالیاتی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خزانہ نے پاکستان کے بیرون ملک سفارتی مشنز کی اہمیت کو تسلیم کیا، اور یقین دہانی کرائی کہ وزارت خارجہ کے افسران  کے مالی ایشوز کو  مناسب طریقہ کار کے مطابق حل کیا جائے گا۔ وزیر خزانہ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ان ایشوز کو حل کرنے کا عمل تیز کیا جائے۔ واضح رہے کہ وزارت خارجہ کے افسروں کی ایگزمشن ختم ہوئی ہے اور وزیر خارجہ نے اس ایشو کو وزارت خزانہ کے سامنے اٹھایا ہوا ہے۔ دریں اثناء بلاول بھٹو زرداری نے پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے 4نئے عہدیداروں کی تقرری کر دی ہے جس کا انکے پولیٹیکل سیکرٹری  جمیل سومرو نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ محسن ملہی کو پیپلز یوتھ پنجاب کا صدر مقرر کر دیا گیا ہے، رانا جواد ایڈووکیٹ کو فنانس سیکرٹری، نایاب جان کو ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری اور سید احسن عباس رضوی کو سیکرٹری ایونٹس اینڈ ریکارڈ مقرر کیا گیا ہے۔ پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری حسن مرتضی، انفارمیشن سیکرٹری شہزاد سعید چیمہ نے نو منتخب عہدیداروں کو مبارکباد دی ہے۔ انفارمیشن سیکرٹری شہزاد سعید چیمہ نے کہا کہ نئے عہدیداروں کی پارٹی میں شمولیت سے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی ہو گی۔ دریں اثناء وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری سے جاپان کے سفیر واڈا مٹسوہیرو نے یہاں وزارت خارجہ میں ملاقات کی۔ وزارت خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری اور جاپان کے سفیر نے ملاقات کے دوران پاکستان جاپان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور تمام سطحوں پر روابط اور بات چیت کو بڑھانے کے لیے باہمی عزم کا اعادہ کیا گیا۔

مزیدخبریں