الیکشن کمیشن کا جھوٹا الزام ٗ جماعت اسلامی  نے 50کروڑ ہرجانے کا نوٹس دے دیا 

Jul 27, 2022

کراچی (نیوز رپورٹر)جماعت اسلامی نے الیکشن کمیشن کی جانب سے 24جولائی کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے التواء کے حوالے سے جھوٹا الزام لگانے پر الیکشن کمیشن کو 50کروڑروپے ہرجانے کا قانونی نوٹس جاری کردیا ہے ،قانونی نوٹس امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے صدر پبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی کراچی کے صدر سیف الدین ایڈوکیٹ کے توسط سے جاری کیا ہے اور کہا ہے کہ اس جھوٹے اور بے بنیاد الزام سے جماعت اسلامی کی ساکھ اور شہرت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی ہے جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا ۔الیکشن کمیشن فوری طور پر اس الزام تراشی پر معافی مانگے ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ جماعت اسلامی واحد پارٹی تھی جس نے بلدیاتی انتخابات جلد ازجلد منعقد کروانے کے حوالے سے ہائی کورٹ میں پٹیشن دائر کی تھی جب کہ دیگر پارٹیوں نے 24جولائی کے بلدیاتی انتخابات کو ملتوی کرانے کی پوری کوشش کی ،بلدیاتی انتخابات کے اعلان کے بعد سلیکٹ کمیٹی میں شامل تمام جماعتیں ہائی کورٹ گئیں اور انتخابات ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا ۔ہائی کورٹ میں سندھ حکومت سمیت دیگر پارٹیاں بلدیاتی انتخابات نہ کروانے کے حق میں جماعت اسلامی کے خلاف کھڑی تھیں،ہمارا آج بھی مطالبہ ہے کہ بلدیاتی انتخابات فی الفور کرائے جائیں ۔

مزیدخبریں