کراچی (نیوز رپورٹر)صدرالخدمت کراچی حافظ نعیم الرحمن کی خصوصی ہدایات پر شہر کے تمام اضلاع میں قائم الخدمت ڈیزاسٹرمینجمنٹ سیل کی جانب سے شہربھر میں بارش سے متاثرہ علاقوں میں بھرپور امدادی کام کیے گئے ہیں جو تاحال جاری ہیں ۔ایگز یکٹو ڈائریکٹر راشد قریشی کی نگرانی میں موسلادھار بارشوں سے متاثرہو نے والے نشیبی علاقوں میں خراب صورتحال کے سبب الخدمت کے سیکڑوں رضاکاروں نے امدادی کاموںمیں حصہ لیا ۔منیجر ڈیزاسٹر مینجمنٹ سرفرازشیخ ،مغیر ابراہیم ،فیصل حسین اور رضاکاروں کی ٹیموں نے ملیری ندی اور اس کے اطراف ،فیڈرل بی ایریا ،یوسف گوٹھ سرجانی ،پی ای سی ایچ ایس بلاک 6 ،اولڈ سٹی ایریا ،حب ریورروڈ، نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد اورنگی ٹاؤن اور سائٹ ٹاؤن اوردیگر علاقوں میں امدادی کاموں میں حصہ لیا۔ الخدمت نے بارش میں پھنسے لوگوں کشتیوں کے ذریعے ریسکیو کیا اور گاڑیوں کو نکالا ،خراب گاڑیوں ٹھیک کرنے میں مدد دی ۔الخدمت نے شٹل سروس کے ذریعے لوگوں کو ایک مقام سے دوسرے مقام پر پہنچایا۔ نشیبی علاقوں میں بارش میں پھنسے لوگوں اوربچوں کو کشتیوں کے ذریعے محفوظ مقام پر منتقل کیا۔ الخدمت کے رضاکاروں نے ندی نالوں اور نشیبی علاقوں کے مکینوں کوجان پرکھیل کرکھانا اور پینے کاپانی فراہم کیا۔ الخدمت کی جانب سے متاثرین بارش کو جہاں ضرورت تھی وہاں خیمے اور ترپال بھی فراہم کیے، جبکہ مختلف علاقوں سے سکشن پمپس کے ذریعے بارش کے پانی کی نکاسی کیلئے بھی اقدامات کیے گئے ۔دریں اثنا چیف ایگز یکٹو الخدمت نوید علی بیگ نے کہا کہ الخدمت ڈیزاسٹر مینجمنٹ سیل کی جانب سے بارش سے متاثرہ علاقوں اورمتاثرین کیلئے بھر پور امدادی کام کیے گئے ہیں ۔نشینی علاقوں اور ندی نالوں کے اطراف رہنے والے لوگوں کی صورتحال نہایت خراب ہے۔ الخدمت تاحال ان علاقوں میں کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت کے تمام اضلاع میں قائم ڈیزاسٹر مینجمنٹ سیل میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے آلات اور الخدمت کے تربیت یافتہ رضاکار موجود ہیں ۔انہوں نے کہا کہ الخدمت کے رضاکار بارش متاثرین کی مدد میں تاحال مصروف ہیں ۔متاثرین بارش کی ہر ممکن مدد کی جائے گی ۔اہل خیر الخدمت کا ساتھ دیں ۔
بارشوں سے تباہی ،الخدمت ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی شہرمیں امدادی سرگرمیاں
Jul 27, 2022