لاہور (خصوصی نامہ نگار) سیکرٹری اوقاف پنجاب میاں ابرار احمد اورڈائریکٹرجنرل اوقاف پنجاب ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے ایوان ِ اوقاف لاہور سے محرم الحرام میں قیام امن اور بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ کے لیے صوبہ بھر میں "امن وفود" کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مذہبی ہم آہنگی وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ قومی سلامتی، ملکی یکجہتی اور روادانہ فلاحی معاشرے کی تشکیل کے لیے علماء اور محراب ومنبر کا کردار ہماری تاریخ کا زریں باب ہے۔پنجاب حکومت دہشت گردی کے خاتمہ ، امن وامان کے قیام اور مذہبی رواداری کے فروغ کے حوالے سے اپنی ذمّہ داریاں نبھانے کے لیے جملہ وسائل بروئے کار لا رہی ہے ۔ محرم الحرام کے دوران مذہبی راداری ، بھائی چارے اور اتحاد ویگانگت کی فضا کا قیام ملک کی فکری ،نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کے لیے ناگزیر ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیا اسلامی سال اتحادِ امت کا امین بن کر طلوع ہوگا ۔ ا س موقع پر تمام مکاتبِ فکر کے اکابر علماء نے قیام امن کے لیے حکومت پنجاب کی کوششوں کی تعریف کی ۔