لاہور (خصوصی نامہ نگار) قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ 4ماہ کے سیاسی اتار چڑھاؤ سے پاکستان کی سیاست کا چھپا ہوا اصل چہرہ مکمل طور پر بے پردہ ہوگیا۔ پچھلے چند ماہ کے سیاسی مدو جزر پر کسی کو پی ایچ ڈی کرنی چاہئے۔ انہوں نے مرکزی رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلے جس کو لاٹھی پڑتی تھی وہ تنہا اس لاٹھی کے درد کو محسوس اور چیخ و پکار کرتا تھا۔ پہلی بار لاٹھی پڑنے کے درد کو مشترکہ طور پر محسوس کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے درد کو تنہا ہم نے محسوس کیا تھا، کسی نے ہماری اس تکلیف کو محسوس نہیں کیا تھا اور یہ تکلیف ہم 8 سال سے سہہ رہے ہیں۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تفتیش کے لئے قائم جے آئی ٹی کے سٹے آرڈر پر لاہور ہائیکورٹ کا لارجر بنچ 2سال سے سماعت کررہا ہے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مظلوم انصاف مانگ رہے ہیں۔ چیف جسٹس آف سپریم کورٹ سے استدعا ہے کہ وہ شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کی تکلیف کو محسوس کرتے ہوئے انصاف کے راستے کھولیں۔
طاہر القادری
سیاسی اتار چڑھاؤ‘ سیاست کا اصل چہرہ بے نقاب ہو گیا: طاہر القادری
Jul 27, 2022