کرونا ایک اور مریض جاں بحق 184کی حالت تشویشناک 371نئے کیس

Jul 27, 2022

اسلام آباد‘ بیجنگ (خبر نگار + نیٹ نیوز) ملک میں 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے متاثرہ مزید ایک شخص انتقال کرگیا جب کہ184 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کے13 ہزار439 ٹیسٹ کیے گئے، جن میں سے371 افراد کے نتائج مثبت آئے۔ ملک میں کرونا کے مثبت کیسز کی شرح 2.76 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ مختلف شہروں میں کیے گئے کرونا ٹیسٹ کے حوالے سے جاری اعداد و شمار کے مطابق لاہور میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1654 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے، جس میں سے 124 افراد کے نتائج مثبت آئے اور شرح7.50  فی صد ریکارڈ کی گئی۔ چین نے کووڈ 19 کے علاج کے لیے مقامی سطح پر تیار کی جانے والی پہلی دوا کے استعمال کی منظوری دے دی ہے۔ جینوئن بائیو ٹیک کی تیار کردہ یہ دوا اس سے قبل ایچ آئی وی کے علاج کے لیے استعمال کی جا رہی تھی۔ نیشنل میڈیکل پراڈکٹس ایڈمنسٹریشن نے Azvudine نامی دوا کی ہنگامی استعمال کے لیے منظوری دی۔ یہ دوا کووڈ 19 سے معتدل حد تک بیمار افراد کو استعمال کرائی جائے گی۔ چینی ماہرین طب کا کہنا ہے کہ وائرس کے خلاف فتح کے لیے مؤثر ویکسینز اور علاج کی ضرورت ہے۔ شنگھائی فوشن فارماسیوٹیکل گروپ نامی کمپنی نے بتایا کہ وہ دوا کی تیاری کے لیے جینوئن بائیو ٹیک کی شراکت دار ہوگی اور مستقبل میں بیرون ملک اس دوا کی فروخت کے حقوق بھی اسے حاصل ہوں گے۔
کرونا

مزیدخبریں