کراچی (نیوز رپورٹر) مون سون بارشوں کے تیسرے اسپیل سے شدید متاثر کراچی میں منگل کو معمولات زندگی جزوی طور پربحال ہوگئے ‘ اتوارسے معطل گرین بس اور پیپلزبس سروس (اورنج بس) بحال کردی گئی۔ دوسری جانب مون سون کا تیسرا اسپیل طویل ہوگیا ہے،اور محکمہ موسمیات نے کراچی میں بارش کا سلسلہ بدھ کی رات تک جاری رہنے کی پیشگوئی کردی ۔ شہر میں منگل کو بھی بعض علاقوں میں بوندا باندی ہوئی۔ طوفانی بارشیں رکتے ہی شہری انتظامیہ کی کوششیں رنگ لائیں اور شہر کی اہم شاہراہیں صاف کردی گئیںتاہم اولڈ سٹی ایریا سمیت شہر کے گنجان آباد علاقوں کی سڑکوں اور گلیوں میں پانی بدستورجمع ہے۔ کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس فیز فائیو کی سڑکوں کے ساتھ گھر بھی تاحال زیر آب ہیں، گھروں میں موجودلاکھوں روپیکاسامان ڈوب چکا جبکہ بنگلوں کی بیسمنٹ میں بھی گھٹنوں گھٹنوں پانی کے سبب بیسمنٹ سوئمنگ پول بنے ہوئے ہیں۔ کراچی سبزی منڈی میں پانی اور کیچڑ جمع ہے، اور اس کے مرکزی دروازہ تالاب کا منظر پیش کر رہا ہے جس کے باعث سبزی منڈی آنے والے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے، اور آج شہر میں سبزی کی کمی کا بھی خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ کراچی میں طوفانی بارشوں کے بعد گڈاپ میں واقع تھڈو ڈیم پھر اوورفلو ہوگیا، اور ڈیم کا پانی سیلابی ریلے کی شکل اختیار کرتے ہوئے سڑک کا ایک بڑا حصہ بہاکر لے گیا، زمینی رابطہ منقطع ہونے سے مقامی افراد کو شدید مشکلات پیش آرہی ہیں۔ دوسری جانب گزشتہ رات ہونے والی شدید بارش کے باعث سندھ اور بلوچستان کوقومی شاہراہ کے ذریعے ملانے والے پل کا ایک حصہ گرگیا تھا۔ ضلعی انتظامیہ کیمطابق پیر کی شام حب ندی سے 1 لاکھ 50 ہزارکیوسک کا سیلابی ریلہ گزرا، سیلابی ریلے میں لسبیلہ کی تحصیل اوتھل لنڈاندی میں پل کا بڑا حصہ بہہ گیا۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بتایا گیا کہ این ایچ اے نے پل کو ٹریفک کے لیے پہلے ہی بند کردیا تھا۔ پل ٹوٹنے سے سندھ اوربلوچستان کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے اور ہر کسی کے ٹریفک کی آمدورفت معطل ہے۔ چیف میٹرولو جسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ راجستھان میں موجود ہوا کا کم دباؤ سندھ میں پہلے سے موجود سسٹم کے ساتھ مل گیا ہے، جس کی وجہ سے کراچی سمیت سندھ بھر میں برسات کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے۔ کراچی میں 2 دن کی بندش کے بعد گرین لائن بس سروس بحال کردی گئی ۔ اتوار کے روز شدید بارش کے باعث گرین لائن بس سروس کے بیشتر اسٹیشن اور مختلف مقامات پر گرین لائن ٹریک زیر آب آ جانے کے بعد بس سروس اتوار کے روز قبل از وقت بند کر دی گئی تھی۔ ترجمان گرین لائن بی آر ٹی ایس کے مطابق بس سروس اب مکمل طور پر فعال اور محفوظ ہے۔
کراچی بحال