کراچی (نیوز رپورٹر)کراچی میں جھلس کر زخمی ہونے والے ڈپٹی کمشنر سائوتھ عبدالستار عیسانی انتقال کر گئے ۔ عبدالستار عیسانی کچھ دن پہلے اپنے گھر میں دوست کے ہمراہ پراسرار انداز میں جھلس کر زخمی ہوئے تھے جس کے بعد عبدالستار عیسانی کو کراچی سے ابوظہبی کے اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے ۔خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ عبد الستار عیسانی کی میت قانونی کارروائی کے بعد ابوظبی سے پاکستان لائی جائے گی۔ خیال رہے کہ گزشتہ دنوں کراچی کے ضلع جنوبی کے ڈپٹی کمشنر عبدالستار عیسانی اور سندھ ریونیوبورڈ کے اعلی افسر مقصود جہانگیر ڈی سی ہاؤس ساؤتھ میں پر اسرار طور پر جھلس کر زخمی ہوگئے تھے۔ پولیس کے مطابق مقصود جہانگیر 65فیصد اور ڈپٹی کمشنر عبدالستار عیسانی 45فیصد جھلسے تھے، واقعہ کیسے پیش آیا، اس حوالے سے واضح طور پرکچھ سامنے نہیں آسکا۔دونوں افسران کے ابوظبی میں علاج کے لیے سندھ حکومت نے 30 ہزار ڈالر جاری کیے تھے جبکہ دونوں افسران کی ائیر ایمبولینس میں دبئی منتقلی پر 65 لاکھ روپے کے اخراجات بتائے گئے تھے۔
ڈپٹی کمشنر انتقال