بارش متاثرہ شہروں کو آفت زدہ قرار دیا جائے: ایم کیو ایم

کراچی (نیوز رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مرکز بہا در آباد پر ڈپٹی کنوینر وسیم اختر کی سربراہی میں رابطہ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں کراچی اور حیدر آباد میں حالیہ بارشوں کے نتیجے میں انسانی جانوں کے ضیاع اور نقصانات کے ازالے کے حوالے سے تفصیلی غور کیا گیا اجلاس میں اس بات پر بھی متفقہ فیصلہ کیا گیا کہ کراچی اور حیدر آباد سمیت شہری سندھ کو ہنگامی طور پر آفت زدہ علاقہ قراردیا جائے جبکہ عوام ریلیف دینے کے لئے تمام یوٹیلٹی بلز میں کمی کی جائے اور متاثرہ علاقوں میں پانی کے مفت ٹینکر فراہم کئے جائیں اس کے ساتھ ساتھ کراچی کے تمام صنعتی و تجارتی مراکز میں ہونے والے نقصانات کا بھی ازالہ کیا جائے۔ اجلاس میں اس بات پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا گیا کہ کراچی میں بارش کا پہلے قطرہ گرنے پر کے الیکٹرک کی کارکردگی اور نااہلی کا پول کھل جاتا ہے عوام کو سہولت دینے کے بجائے اوور بلنگ اور لوڈ شیدنگ کی پریشانی میں مبتلا کردیا جاتا ہے اور ساتھ ہی کے الیکٹرک کراچی کے عوام کو بارش کے دوران کرنٹ لگنے سے جانی نقصان پہنچتا ہے لیکن کے الیکٹرک عوام کو تحفظ دینے میں ناکام نظر آتی ہے اسی طرح پینے کے پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کا نظام بھی کراچی اور حیدر آباد میں تباہ حالی کا شکار ہو چکا ہے سیوریج کا گندہ پانی بارش کے پانی میں مل کر عوام کے گھروں میں داخل ہو رہا ہے جس کی وجہ سے عوام میں مہلک بیماریاں پھیلنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔رابطہ کمیٹی نے کے الیکٹرک اور واٹر بورڈ کے اعلی افسران کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کے فی الفور اپنا قبلہ درست کر کہ عوام کو سہولیات فراہم کریں ورنہ عوام کا غیض و غضب آپکوبہا کر لے جائیگا۔رابطہ کمیٹی نے تمام تنظیمی ذمہ داران،حق پرست ممبر قومی و صوبائی،سابق و نامزد امید واران کو ہدایت کی کہ حالیہ بارشوں کو مدنظر رکھتے ہوئے آپ تمام عوام کے در میان رہیں اور اپنی مدد آپکے تحت عوام کو مشکلات سے نکالنے میں ہر ممکنہ کوشش کریں۔ رابطہ کمیٹی نے وزیر اعلی سندھ سے مطالبہ کیا کہ بارش کے دوران جاں بحق ہونے والے افراد کی مالی معاونت کی جائے اور تمام علاقوں میں جراثیم کش اسپرے کر کے جمع شدہ پانی کو فی الفور نکالا جائے۔
ایم کیو ایم

ای پیپر دی نیشن