پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نےاپنے خطاب میں کہا کہ آج پوری قوم کو مبارک دینا چاہتا ہوں، میں آج اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ لوگ خوف سے نکل گئے اور ایک قوم بننا شروع ہوگئے۔ چئیر مین عمران خان نے کہا کہ ساڑھے تین ماہ پہلے ملک میں بیرونی سازش ہوئی جس کے تحت ہماری حکومت کو ختم کیاگیا، ان لوگوں کو اقتدار میں لایاگیا جو ضمانتوں پر ہیں۔عمران خان نے کہا کہ انہوں نے سمجھا قوم سب بھیڑ بکریوں کی طرح قبول کر لے گی، ہم نے25 مئی کو ایک پرامن احتجاج کی کال دی ، ہمارے اوپر کرپٹ ترین لوگوں کو مسلط کیا گیا تھا، ہماری توڑ پھوڑ اور انتشار کی تاریخ ہی نہیں ہے، میرے سامنے عورتوں اور بچوں پر شیلنگ کی گئی، انہوں نے سمجھا ہم چپ کر کے گھر بیٹھ جائیں گے لیکن لوگ خوفزدہ ہونے کی بجائے ایک قوم بننا شروع ہو گئے، میں نے پہلی دفعہ اپنے ملک کو قوم بنتے دیکھا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ضمنی انتخابات میں لوگ نکلے، 2018 کے الیکشن میں بھی اتنے لوگوں کو نکلتے نہیں دیکھا، ہمیں شکست دینے کا ہر حربہ استعمال کیا گیا، حمزہ کو سپریم کورٹ نے سرکاری مشینری استعمال کرنے سے منع کیا تھا، اس نے کوئی کس نہیں چھوڑی ہمیں ہرانے کیلئے،دوسرا شرمناک کردار الیکشن کمیشن کا تھا، اس سب کے باوجود ہم نے انہیں شکست دی۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ 90 کی دہائی سے پہلے پاکستان ہندوستان اور بنگلہ دیش سے آگے تھا، جب سے یہ 2 خاندان آئے ہمارا ملک ہندوستان اور بنگلہ دیش سے پیچھے رہ گیا۔انہوں نے کہا کہ آج بھی ہم سب کو خوف ہے کہ ان کے ہوتے ہوئے ملک کے حالات مزید خراب ہوں گے۔