سرائے مغل‘ خاوند نے اہلخانہ کی مدد سے بیوی کو پھندا ڈال کر قتل کر دیا

Jul 27, 2023

قصور + سرائے مغل (نامہ نگار+ نمائندہ نوائے وقت)گھریلو جھگڑے پر خاوند نے اپنے رشتہ داروں کے ہمراہ  اپنی بیوی کو پھندا ڈال کر قتل کر دیا اور لاش کو چھت کے ساتھ لٹکا کر خودکشی کا ڈراما رچا دیا۔ مقدمہ درج نہ کرنے پر مقتولہ کے ورثا کا تھانہ سرائے مغل کے سامنے لاش رکھ کر سرائے مغل پولیس کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ احتجاج کے بعد مقدمہ درج۔ تفصیلات کے مطابق سرائے مغل کی نواحی بستی  ٹبہ کے راشد کی شادی دو سال قبل ثناء بی بی سے ہو ئی۔ غربت کی وجہ سے گھر میں روز روز کے جھگڑے  سے تنگ آکر گزشتہ روز خاوند راشد نے اپنے رشتہ داروں کشمیرا اور کوثر بی بی سے مل کر گلے میں پھندا  ڈال کر اپنی بیوی ثناء بی بی کو قتل کر کے اس کی لاش کو چھت سے لٹکا کر بیوی کی خودکشی کا ڈراما رچا دیا۔ مقتولہ ثناء بی بی کے بھائی نے تھانہ سرائے مغل پولیس کو قتل  کے مقدمہ درج کرنے کی درخواست دی مگر پولیس نے مقدمہ درج نہ کیا۔ اس پر مقتولہ کے ورثا لاش لیکر تھانہ سرائے مغل کے گیٹ کے باہر جمع ہو گئے اور سرائے مغل پولیس کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا اور سرائے مغل روڈ پر ٹریفک بلاک کر دی۔ بالآخر پولیس نے مقدمہ درج کر کے مظاہرین کو احتجاج ختم کرنے پر قائل کر لیا۔

مزیدخبریں