اسلام آباد(وقائع نگار ) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو انتخابی اصلاحات کے بل سے دور رکھا جا رہا ہے۔ انسداد دہشتگردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کے بل پر آج کل چرچہ ہو رہا ہے جس پر تحفظات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی اتحادی جماعتوں کے بھی انتخابی اصلاحات بل پر تحفظات ہیں، رضا ربانی نے بھی انتخابی اصلاحات بل پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ نگران حکومت سے منتخب حکومت کا کام لیا جانا ہے تو پھر بے ایمانی ہو جائے گی، ن لیگ کے اندر سے نگران وزیراعظم کے ناموں پر تحفظات آئے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان نے کراچی میں سیاسی جماعتوں کے ساتھ ملاقاتیں کیں، مولانا فضل الرحمان پیپلز پارٹی کے خلاف اتحاد جمع کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، خواجہ آصف نے غیر پارلیمانی گفتگو کی ہے۔