اسلام آباد (خبر نگار) وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ صبر و تحمل سے سیاست کرنے والوں کی کامیابیوں اور بے صبری اور جبر و تشدد کی راہ اپنانے والوں کی ناکامیوں سے عوام بخوبی واقف ہیں۔ پگڑیاں اچھالنے اور گریبانوں میں ہاتھ ڈالنے کا نام سیاست نہیں ہے۔ ہم سیاسی لوگ ہیں اور ہم سیاسی رکھ رکھائو اور جمہوری قدروں کے قائل ہیں۔ خورشید شاہ نے کہا کہ ہم نے جمہوریت کیلئے قربانیاں دی ہیں اور ہم جمہوریت کی قدر و قیمت سے پوری طرح آگاہ ہیں۔ اس لئے ہم پارلیمنٹ، جمہوریت اور آئین پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ جمہوریت کی آڑ میں ملک، معیشت اور سیاست دشمنی کے مرتکب ہوئے اور انہوں نے اپنی منفی سیاست کے ذریعے ملک میں خوف و ہراس پھیلائے رکھا۔
پگڑیاں اچھالنے اور گریبانوں میں ہاتھ ڈالنے کا نام سیاست نہیں: خورشید شاہ
Jul 27, 2023