اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) صدر عارف علوی سے تیونس میں پاکستان کے نامزد سفیر جاوید احمد عْمرانی نے ملاقات کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ تیونس کے ساتھ دو طرفہ تجارت کے فروغ کیلئے وسیع تر اقتصادی تعاون بڑھانا ہوگا، پاکستان اور تیونس کے ایوانانِ صنعت و تجارت کے مابین روابط بڑھانے کی ضرورت ہے۔ پاکستان تیونس کے ساتھ تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ پاکستان اور تیونس مختلف اْمور پر یکساں خیالات کے حامل ہیں۔ نامزد سفیر تعلیم، ثقافت اور دفاع کے شعبوں میں تیونس کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ علاوہ ازیں عارف علوی نے 54 کلو چرس رکھنے پر اے جی پی آر کے سابق ملازم کی پنشن روکنے کا حکم دے دیا۔ اکاؤنٹنٹ جنرل پاکستان ریونیو (اے جی پی آر) کے سابق سینئر آڈیٹر کو 54 کلو گرام چرس رکھنے پر سزا سنائی گئی تھی، صدر مملکت نے کہا کہ سنگین بدانتظامی" یا "سنگین جرم " کا مرتکب ہونے پر کسی بھی سرکاری ملازم کی پنشن کو ریٹائرمنٹ کے بعد بند کیا جا سکتا ہے ۔
تیونس کے ساتھ تجارت کے فروغ کیلئے اقتصادی تعاون بڑھانا ہوگا: عارف علوی
Jul 27, 2023