پاکستان کیساتھ تعلقات مضبوط، ترقیاتی منصوبوںپر بات ھاری، بھارت اقلیتوں کو تحفظ دے، امریکہ

واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ) امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان ویدانت پٹیل نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات مضبوط ہیں اور تکنیکی و ترقیاتی منصوبوں پر بات چیت جاری ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے ڈپٹی ترجمان ویدانت پٹیل نے واشنگٹن میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کی اپنے پاکستانی ہم منصب بلاول بھٹو سے ٹیلی فونک گفتگو سے متعلق میڈیا کو آگاہ کیا۔ ایک سوال کے جواب میں ویدانت پٹیل نے بتایا کہ دونوں رہنمائوں نے ٹیلی فونک گفتگو میں شراکت داری کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے تکنیکی اور ترقیاتی اقدامات پر پیشرفت کا جائزہ لیا۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے مزید بتایا کہ انٹونی بلنکن اور بلاول بھٹو نے ٹیلی فونک گفتگو میں افغانستان میں استحکام سمیت باہمی دلچسپی کے متعدد امور پر بھی بات چیت کی۔ امریکی ترجمان ویدانت پٹیل نے بھارتی ریاست منی پور میں خواتین کو برہنہ گھمانے کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ بھارتی حکومت تمام نسلی و مذہبی اقلیتوں کے جان و مال  کو تحفظ دے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے متاثرہ خواتین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کے احترام و وقار کو برقرار رکھنا اور ان کی حفاظت کو یقینی بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

ای پیپر دی نیشن