سابق ڈپٹی سپیکر پنجاب واثق قیوم، رکن اسمبلی و دیگر کیخلاف کرپشن کا مقدمہ درج

Jul 27, 2023

کہوٹہ (نوائے وقت رپورٹ) کوٹلی ستیاں کے علاقے میں ٹورزم ہائی وے کے مجوزہ منصوبے میں مبینہ ردوبدل کے معاملے پر اینٹی کرپشن راولپنڈی میں سابق ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی واثق قیوم، ایم پی اے میجر ریٹائرڈ لطاسب ستی و پنجاب ہائی وے کے ایکسیئن سمیت متعلقہ حکام کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق مقدمہ کہوٹہ کے رہائشی شکیل احمد کی مدعیت میں درج کیا گیا جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ کہوٹہ کوٹلی ستیاں کے علاقے میں سڑک جس کو ٹورزم ہائی وے کا نام دیا گیا کے مجوزہ روٹ کو تبدیل کرکے سیاسی رہنما کے گھر اور زمینوں کے پاس سے گزارا گیا۔ بوستان آباد اور بیور کے مقام پر بھی سڑک کا روٹ تبدیل کرکے سیاسی رہنما اور عزیز و اقارب کو مستفید کیا گیا، ٹورزم ہائی وے کا مجوزہ روٹ تبدیل کرنے سے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان ہوا، سڑک کا مجوزہ روٹ تبدیل کرنے سے فاصلہ بھی بڑھا اور تخمینہ لاگت بھی بڑھ گئی، سڑک کا مجوزہ روٹ تبدیل کرنے سے مجموعی تخمینہ میں 90 کروڑ سے زائد کے اخراجات بڑھے۔ مقدمہ میں کہا گیا کہ انکوائری کرکے کارروائی عمل میں لائی جائے جس پر اینٹی کرپشن نے انکوائری کے بعد ایکسیئن پنجاب ہائی ویز سعد سلامہ، ایس ڈی او محمد اکرم، سابق ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی واثق قیوم اور ممبر صوبائی میجر (ر) لطاسب ستی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ جبکہ ایکسیئن طاہر اکرم رائو اور ایس ڈی او خالد محمود کے خلاف محکمانہ ایکشن کی سفارش کی۔ اینٹی کرپشن حکام کا کہنا تھا کہ مقدمہ درج کرکے نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

مزیدخبریں