کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ) بلوچستان ہائی کورٹ نے ترجمان بلوچستان حکومت سمیت وزیر اعلیٰ کے ترجمان اور 26 کوآرڈینیٹرز کی تعیناتی غیر قانونی قرار دے دی۔ بلوچستان ہائی کورٹ نے چیف جسٹس نعیم اختر افغان کی سربراہی میں ترجمان صوبائی حکومت فرح عظیم شاہ، وزیر اعلیٰ کے ترجمان بابر یوسفزئی اور 26 کوآرڈینیٹرز کی تعیناتی کے خلاف عبدالصادق خلجی ایڈووکیٹ اور خاتون وکیل آسٹر مہک کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ درخواستوں پر بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نے گزشتہ ہفتے فیصلہ محفوظ کرلیا تھا جسے گزشتہ روز سنایا گیا۔ چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس نعیم اختر افغان نے ریمارکس دیئے ہیں کہ کوآرڈینیٹرز کا تقرر غیر قانونی طریقے سے کیا گیا۔ عدالت نے ترجمانوں اور کورآرڈینیٹرز کو فوری طور پر کام سے روک دیا اور دفاتر، سہولیات اور گاڑیاں فوری واپس کرنے کا حکم دیا۔ ہائی کورٹ نے ترجمان وزیر اعلیٰ سمیت دیگر کی تعیناتیوں کے نوٹی فکیشنز کالعدم قرار دے دیئے۔ جاری حکم نامے میں سیکرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی کو ترجمانوں اور کوآرڈینیٹرز سے سرکاری مراعات لے کر رجسٹرار آفس کو رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
بلوچستان ہائیکورٹ : ترجمان وزیراعلیٰ‘ 26 معاونین کی تعیناتی غیرقانونی قرار
Jul 27, 2023