پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ سٹاف کانفرنس‘ خطے میں بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ سٹاف کانفرنس نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں اختتام پذیر ہو گئی۔ کانفرنس کی صدارت چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کی۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق کانفرنس کے دوران شرکاء نے خطے میں بدلتی ہوئی سمندری صورتحال، قومی سلامتی، جیوسٹریٹجک امور اور جنگی تیاریوں سے متعلق متعدد موضوعات کا جائزہ اور سروس کی مختلف پالیسیوں پر تبادلہ خیال کیا۔ علاوہ ازیں، ملک میں جاری مون سون سیزن کے دوران ممکنہ سیلاب الرٹس کے پیش نظر قدرتی آفات سے متعلق امدادی کارروائیوں کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ نیول چیف نے پاکستان کے خلاف کسی بھی جارحیت کا مؤثر انداز سے مقابلہ کرنے کے لیے مستقل جنگی تیاریوں کو برقرار رکھنے پر زور دیا۔ امیرالبحر نے جدید ٹیکنالوجیز کے حصول کے ذریعے صلاحیتوں میں اضافے کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہا اور ملکی بحری سرحدوں کی حفاظت میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پاک بحریہ کی اعلیٰ آپریشنل تیاریوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

ای پیپر دی نیشن