اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) افواج پاکستان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے کیپٹن محمد سرور شہید، نشان حیدر کے 75 ویں یوم شہادت کے موقع پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق عسکری قیادت نے کہا ہے کہ کیپٹن سرور شہید کی بے مثال جرات و بہادری اور ثابت قدمی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ پاکستان کے سب سے پہلے نشان حیدر کیپٹن سرور نے 1948ء کی جنگ میں ناقابل تسخیر جرآت اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے تل پترا (آزاد کشمیر) پہاڑی پر جام شہادت نوش کیا۔ کیپٹن محمد سرور شہید کا یوم شہادت افواج پاکستان کی مادر وطن کیلئے دی جانے والی ان گنت قربانیوں کا مظہر ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کے یہ درخشندہ ستارے جنہوں نے ملک کی آبرو کیلئے اپنی جان نچھاور کی۔ بِلاشْبہ عزت و تکریم کے مستحق اور پوری قوم کا فخر ہیں۔