کراچی‘ اسلام آباد (قمر خان+ نمائندہ خصوصی) کراچی ڈیفنس فیز سیون میں عائشہ مسجد کے قریب کار اور موٹر سائیکل سواروں کی جانب سے ڈبل کیبن گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں جیکب آباد سے منتخب رکن سندھ اسمبلی و رہنما پاکستان پیپلز پارٹی محمد اسلم ابڑو کے بھائی اکرم ابڑو، بھتیجے شہریار ابڑو جاں بحق جبکہ ممتاز سیاسی شخصیت میر اصغر علی خان پنہور کے بیٹے ارشاد علی پنہور اور بلوچستان میں ابڑو قبیلے کے چیف سردار عبداللہ ابڑو ولد موسیٰ خان ابڑو زخمی ہو گئے۔ الٰہی بخش نامی ملازم واقعے میں محفوظ رہا۔ مقتولین کراچی سے اپنے آبائی شہر جیکب آباد جانے کے لئے روانہ ہوئے تھے جہاں اب ان کی میتیں لے جائی گئیں جبکہ آج صبح 10 بجے ان کی نماز جنازہ ادا کی جائے گی۔ مقتول محمد اکرم ابڑو ایڈووکیٹ جیکب آباد شہری اتحاد کے صدر بھی تھے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی جیکب آباد میں سوگ کے طور پر کاروبار بند کرادیا گیا جبکہ شہریوں کی بڑی تعداد ابڑو ہاؤس پہنچ گئی۔ جیکب آباد شہری اتحاد کے رہنما اے جی انصاری کی قیادت میں شہریوں نے جلوس بھی نکالا۔ محمد اسلم ابڑو نے بتایا کہ ویگو میں چار طرف سے گھیر کر نشانہ بنایا گیا، پانچ مسلح افراد کار اور موٹر سائیکل پر سوار تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کسی سے کوئی دشمنی نہیں تاہم پولیس ذرائع کے مطابق مقتول کے جیکب آباد اور اطراف میں جائیدادوں، زرعی زمینوں کے معاملات میں لہڑی، بھئیو اور دیگر مختلف برادریوں سے تنازعات کے علاوہ کراچی نادرن بائی پاس پر اسلم ابڑو اور ان کے ساتھیوں کے مختلف افراد سے جائیدادوں اور زمینوں کے بھی تنازعات تھے۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو کے مطابق ملزم ایک گاڑی اور ایک موٹرسائیکل پر سوار تھے۔ جائے وقوعہ سے 50 سے زائد خول ملے ہیں، واردات میں بڑا اور چھوٹا اسلحہ استعمال کیا گیا، تحقیقات جاری ہیں۔ کراچی پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ دہشتگردی کا نہیں ہے، البتہ دشمنی کا ہے یا کچھ اور تحقیقات کے بعد ہی پتا چلے گا، تاہم انہیں ٹارگٹ ضرور کیا گیا ہے، ملزمان نے ایسے مقام پر نشانہ بنایا جہاں خفیہ کیمرے نصب نہیں تھے۔ تحقیقات کیلئے ڈی آئی جی عرفان بلوچ کی سربراہی میں تحقیقاتی ٹیم بنادی گئی۔ ایس پی انویسٹی گیشن ساتھ ابریز علی عباسی نے جائے وقوعہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جائے وقوعہ سے بڑے ہتھیار اور نائن ایم ایم کے خول بھی ملے ہیں، واردات میں ٹرپل ٹو رائفل اور نائن ایم ایم پستول استعمال ہوئے ہیں۔ فائرنگ سے گاڑی کی ونڈ سکرین ٹوٹ گئی اور اطراف میں لگ بھگ 2 درجن سے زائد گولیاں لگیں۔ واقعہ میں 2 قسم کا اسلحہ استعمال کیا گیا۔ ایس ایس پی جنوبی کے مطابق مقتولین کی گاڑی سے لائسنس یافتہ ایک تیس بور پستول ملا ہے، گاڑی کے اندر سے کوئی فائر نہیں ہوا، لگتا ہے کہ ملزمان نے مقتولین کی گاڑی کی ریکی کر رکھی تھی۔ بلاول بھٹو زرداری نے رکنِ سندھ اسمبلی اسلم ابڑو کے بھائی اور بھتیجے کے قتل کی شدید مذمت کی ہے۔ پی پی پی چیئرمین نے واقعہ پر اپنے ردعمل میں کہا کہ اکرم ابڑو اور شہریار ابڑو کا بہیمانہ قتل دہشتگردی ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اسلم ابڑو سمیت سوگوار خاندان سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ کے غم میں برابر کا شریک ہوں، اور دعا گو ہوں کہ اللہ تعالیٰ آپ کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ دے۔