اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزراء خارجہ نے دوطرفہ امور اور مختلف شعبوں میں بڑھتے ہوئے تعاون پر مفید تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ نے اپنے روسی ہم منصب کو دورہ پاکستان کی دعوت کا بھی اعادہ کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے بلیک سی گرین انیشی ایٹو (بی ایس جی آئی) پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے خوراک کی قیمتوں میں اضافہ اور غذائی تحفظ سے متعلق چیلنجوں کا باعث بننے والے عالمی غذائی سپلائی چین میں خلل پر اس کے ممکنہ اثرات کو تسلیم کرتے ہوئے قابل عمل حل تلاش کرنے کے لئے ٹھوس کوششوں کی ضرورت پر زور دیا تاکہ ترقی پذیر ممالک کو اس سے فائدہ پہنچے جو پہلے ہی معاشی دباؤ میں ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اناج معاہدے میں شامل تمام فریق انیشی ایٹو کو بحال کرنے کے لئے تعمیری بات چیت میں مشغول ہوں گے۔ وزیر خارجہ نے تمام فریقین کے تحفظات کو دور کرتے ہوئے معاہدے کی بحالی کے لئے بین الاقوامی کوششوں کے لئے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔ روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے اس معاملے پر روس کے نقطہ نظر کا اظہار کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے اس معاملے پر قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔