پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کولمبو ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 576 رنز پر ڈیکلئیر کردی جس کے بعد سری لنکا کے دوسری اننگز میں 109 رنز پر 4 کھلاڑی آؤٹ ہوگئے ہیں۔ دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے روز قومی ٹیم نے 410 رنز کی سبقت کے ساتھ 576 رنز پر اننگز ڈیکلیئر کی ۔ سلمان علی آغا 132 جبکہ محمد رضوان 50 رنز بنا کر نا ٹ آؤٹ رہے ۔ سری لنکن ٹیم دوسری اننگز میں بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے ، نعمان علی نے سری لنکا کے نشان مدشکا کو 33 رنز، دیموتھ کرونارتنے کو 41 ، کوشل مینڈس کو 14 اور چندیمل کو ایک رن پر پویلین بھیج دیا۔ اس سے قبل ٹیسٹ کے تیسرے دن پاکستان نے پہلی اننگز میں 5 کھلاڑیوں کے نقصان پر 563 رنز بنالیے تھے اور اسے سری لنکا کےخلاف پہلی اننگز میں 397 رنز کی برتری حاصل ہوگئی تھی۔ عبداللہ شفیق کی شاندار ڈبل سنچری کی بدولت پاکستان کی پوزیشن مستحکم رہی ، قومی اوپنر نے 322 گیندوں پر 200 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 19 چوکے اور 4 چھکے شامل ہیں۔ سعود شکیل 57 ، شان مسعود 51 اور بابراعظم 39 رنز بناکر نمایاں رہے، سرفرازاحمد 14 اور امام الحق نے 6 رنز بنائے، سری لنکا کے اسیتھا فرنینڈو 3 اور پرابتھ جے سوریا نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ تیسرے روز وکٹ کیپر بیٹر سرفراز احمد کی جگہ محمد رضوان کو کنکشن قانون کے تحت فائنل الیون میں شامل کیا گیا تھا۔ سری لنکا کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 166 رنز بناکر آؤٹ ہوئی تھی، ابرار احمد نے 4 اور نسیم شاہ نے 3 وکٹیں لی تھیں۔