ادارہ امورحرمین شریفین کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حرم مکی اور مسجد نبوی الشریف میں یوم عاشورہ کے موقع پر روزہ داروں کی افطاری کے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ عاجل نیوز کے مطابق حرمین شریفین میں نماز جمعہ کی ادائیگی کےحوالے سے بھی انتظامات کوحتمی شکل دے دی گئی ہے۔ حرمین میں نماز جمعہ کےلیے آنے والوں کی سہولت کے لیے اضافی کارکنوں کی ذمہ داریاں بھی لگا دی گئی ہیں جو مسجد الحرام اورمسجد نبوی الشریف میں لوگوں کی آمد ورفت کو منظم رکھنے میں تعاون کریں گے تاکہ زائرین اورروزہ داروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ادارہ امورحرمین کے ترجمان انجینئرماہرالزھرانی کا کہنا ہے کہ عاشورہ کے روزے کے حوالے سے بھی تمام ترانتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ نماز مغرب سے کچھ دیر قبل روزہ داروں کو افطاری کےلیے کھجوریں ، آب زم زم اور ڈرائی فورٹ وغیرہ فراہم کیا جائے گا۔ واضح رہے مسجد نبوی الشریف میں رمضان المبارک کے علاوہ عاشورہ کے موقع پرروزہ داروں کے لیے خصوصی افطار دسترخوانوں کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ وہ افراد جو مسجد نبوی الشریف میں روزہ داروں کو افطاری کرانے کے خواہاں ہوتے ہیں انہیں افطاری دسترخوان لگانے کا خصوصی پرمٹ حاصل کرنا ہوتا ہے جس کے بعد انہیں پرمٹ جاری کیا جاتا ہے۔ حرمین شریفین میں روزہ داروں کو افطاری کرانے کے ضوابط مقرر ہیں جن کی پابندی کرنا لازمی ہوتی ہے۔ مسجد نبوی الشریف کے اندروںی حصہ میں دسترخوان لگانے والوں کو روٹی ، کھجور، عربی قہوہ ، دہی یا لسی لے جانے کی اجازات ہوتی ہے۔