پاک چین وزرائے خزانہ کی ملاقات

Jul 27, 2024

اداریہ

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اورنگزیب کی قیادت میں وفد نے چین کے وزیر خزانہ لین فون سے بیچنگ میں ملاقات کی۔ وفاقی وزیر انرجی اویس احمد خان لغاری بھی ملاقات میں موجود تھے۔ وزیر خزانہ نے پاک چین گہری دوستی کا ذکر کرتے ہوئے دونوں ملکوں کے درمیان خصوصی طور پر مالی اور بینکنگ سیکٹرز اور سٹرٹیجک تعاون پر مبنی پارٹنرشپ کی اہمیت بیان کی۔ انہوں نے چین کی طرف سے معاشی اور مالی تعاون کو قابل قدر قرار دیا۔ وفاقی وزیر انرجی اویس احمد خان لغاری نے انرجی کے شعبہ میں اصلاحات کے بارے میں حکومت کے اس عزم کو دہرایا کہ انرجی سیکٹر کے تنظیمی اور اپریشنل چیلنجز پر قابو پایا جائے گا۔ چین کے وزیر خزانہ نے پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے ان کے ملک کی طرف سے مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ اعلیٰ اور معیاری ترقیاتی ایجنڈا پر عمل درآمد میں مدد کی جائےگی اور سٹرٹیجک پارٹنرشپ کے حوالے سے بھی تسلسل سے حمایت کی جائیگی۔
پاکستانی اور چینی وزیر خزانہ کے درمیان ہونیوالی ملاقات میں جس عزم کا اعادہ کیا گیا ہے‘ وہ دونوں ملکوں کے مابین بے لوث دوستی‘ گہرے تعلقات کو اجاگر کرتے نظر آتے ہیں۔ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت پاکستان ترقی کی جس راہ پر گامزن ہے‘ وہ برادر چین کی بے لوث محبت اور بھرپور تعاون کا ہی نتیجہ ہے۔ چین کے تعاون سے پاکستان کا پہلا تاریخی سیٹلائٹ آئی کیوب قمر اس وقت خلائمیں اپنا مشن جاری رکھے ہوئے ہے جبکہ سی پیک منصوبے کے تحت توانائی سمیت کئی شعبوں کی ترقی میں چین پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے جس کے ثمرات اب باقاعدہ نظر بھی آنے شروع ہو گئے ہیں۔ ان دونوں ملکوں کی مثالی دوستی اور تعلقات کئی ملکوں بالخصوص بھارت کی آنکھوں میں کھٹک رہی ہے جو اس دوستی میں نہ صرف دراڑیں ڈالنے کیلئے سازشوں کے جال بنتا رہتا ہے بلکہ اپنے مربی امریکہ کے ساتھ مل کر خطے کے گیم چینجر منصوبے سی پیک کے بھی درپے ہے۔ اسی تناظر میں گزشتہ دنوں جی ایچ کیو راولپنڈی میں چین کی پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) کے قیام کی 97ویں سالگرہ کی تقریب کے موقع پر چینی سفیر نے دہشت گردی کیخلاف پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کا عزم باندھا اور اس پختہ یقین کا اظہار کیا کہ کوئی بھی طاقت چین اور پاکستان کے درمیان آہنی دوستی اور دونوں افواج کے درمیان بھائی چارے کو ختم نہیں کر سکتی۔

مزیدخبریں