لاہور(سپورٹس رپورٹر)بنگلہ دیش کیخلاف سیریز کیلئے پاکستان ٹیسٹ سکواڈ پر حتمی مشاورت آئندہ ہفتے ہوگی۔ذرائع کے مطابق کئی کھلاڑی فارم اور فٹنس کی بنیاد پر سکواڈ میں جگہ برقرار نہیں رکھ سکیں گے۔محمد ہریرہ اور صاحبزادہ فرحان کو ٹیسٹ سکواڈ میں شامل کیے جانے کا امکان ہے جبکہ فہیم اشرف، وسیم جونیئر، صائم ایوب اور نعمان علی کا جگہ بنانا مشکل ہے۔علاوہ ازیں سکواڈ میں شمولیت کیلئے امام الحق کے نام پر بحث ہوگی جبکہ عامر جمال اور حسن علی کی فٹنس کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ ہوگا۔ذرائع نے بتایا کہ ریڈ بال فارمیٹ میں ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی کی پاکستان واپسی پر ٹیسٹ سکواڈ کو فائنل کیا جائیگا۔جیسن گلیسپی پاکستان شاہینز کے ساتھ ان دنوں ڈارون میں موجود ہیں جو بنگلہ دیش اے کیخلاف دوسرے چار روزہ میچ کے بعد پاکستان آجائیں گے۔ٹیسٹ سیریز کی تیاری کیلئے ٹریننگ کیمپ اگست کے دوسرے ہفتے میں لگایا جائیگا جبکہ پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 21 اگست سے راولپنڈی میں شروع ہوگا۔