لاہور(کامرس رپورٹر )پاکستان ٹیکس ایڈوائزر زایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ وزیر اعظم 3 سال میں ایکسپورٹ کا ہدف 60ارب ڈالر زتک لے جانے کی بات کر رہے ہیںجبکہ اداروں کا موقف ہے کہ یہ ہدف حاصل کرنا ممکن نہیں جو لمحہ فکریہ ہے۔ حکومت ایکسپورٹ اورآئی ٹی کو مراعات اور سہولیات دے تو 60ارب ڈالر کا ہدف ایک سال میں پورا کرنا ممکن ہے ،ہم آئی ٹی کی ایکسپورٹ3.2ارب ڈالر تک پہنچنے پر خوشیاں منا رہے ہیں جبکہ ہمارے حریف ہمسایہ ملک کی ایکسپورٹ 150 ارب ڈالر سے متجاوز ہیں۔ ٹیکس ایڈوائزرز ایسوسی ایشن کے صدر میاں عبدالغفار اورجنرل سیکرٹری خواجہ ریاض حسین نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا رواں مالی سال کے بجٹ میں ایکسپورٹرز کیلئے ٹیکس رجیم میں تبدیلی سے برآمدات بری طرح متاثر ہوں گی۔ وزیر اعظم اور وزیر خزانہ سے اپیل ہے کہ اس پر نظر ثانی کریں اور فنانس ایکٹ میں ترمیم کی جائے۔ حکومت آئی ٹی اور ایکسپورٹ سیکٹر زکی مشکلات کو دور کرے۔قانونی پیچیدگیاں دور کی جائیں اور انہیں ٹیکسیشن میں ریلیف اور مراعات دی جائیں۔
3 سال میں ایکسپورٹ کا ہدف 60ارب ڈالر زناممکن نہیں:پی ٹی اے اے
Jul 27, 2024