لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انو رنے پولیس ملازمین کے تھیلیسیمیا اور ہیموفیلیا سے متاثرہ بچوں اور ان کے والدین سے سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی، متاثرہ بچوں سے شفقت کا اظہار کرتے ہوئے انکے والدین سے علاج معالجے کی سہولیات اور تعلیمی سرگرمیوں بارے استفسار کیا۔انہوںنے کہاکہ پنجاب پولیس سپیشل بچوں کے علاج معالجے کی مد میں ڈیڑھ سال کے دوران 17 کروڑ 25 لاکھ روپے سے زائد رقم خرچ کر چکی ہے جن میں تھیلیسیمیا سے متاثرہ 150 سے زائد بچوں پر علاج معالجے کی مد میں3 کروڑ 17 لاکھ روپے سے زائد فنڈز خرچ کئے گئے ہیں۔ تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں کا جدید ترین طریقہ علاج اور ریسرچ کے مطابق ٹریٹمنٹ کروایا جائیگا۔اس چیلنج سے نمٹنے کیلئے محکمہ پولیس بچوں کے والدین کے تعاون سے کامیابی سے نبرد آزما ہوں گے۔