لاہور (خصوصی نامہ نگار ) انجمن اہلحدیث لاہور کے صدر ، ممتاز دینی سکالر ، درجنوں دینی کتابوں کے مصنف اور جامع محمدی سنت نگر ، فردوس پارک کے سرپرست اعلیٰ مولانا فضل الرحمن بن محمد نے کہا ہے کہ موجودہ سوشل میڈیا کا دور نوجوان نسل کے رویوں اور عادات میں بگاڑ پیدا کر رہا ہے۔ اس کا آئندہ کیا نتیجہ پیدا ہو سکتا ہے۔ وہ کسی سے مخفی نہیں۔ والدین کے لیے اولاد کی درست سمت میں دینی تربیت ایک چیلنج بنتی جارہی ہے۔ سوشل میڈیا پر جو کچھ چل رہا ہے۔ اس نے درد مند طبقہ کو تشویش میں مبتلا کر رکھا ہے۔ والدین بے خبر ہیں کہ ہمارے 15,14 سالہ بچے اور بچیاں کیا دیکھ رہے ہیں۔ اس بے حیائی اور بے غیرتی نے ان کے دلوں سے اسلام کی محبت چھین لی ہے۔اس دور میں جو نیکی کی ترغیب دے اسے دقیانوسی اور نئے دور کے تقاضوں سے ناآشنا قرار دیا جاتا ہے۔ برائی مکمل طور پر آزاد ہے۔ جبکہ نیکی پابندی کی زنجیروں میں قید ہے۔ اس صورتحال کی فکر کرنا ہم سب کا خاص طور پر علماء کا فرض ہے جنہیں انبیاء کا وارث قرار دیا جاتا ہے۔