درخت زمین کا حسن ، اچھے ماحول کے ضامن ،شجرکاری وقت کی اہم ضرورت :راغب نعیمی 

لاہور(خصوصی نامہ نگار)اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین علامہ ڈاکٹرراغب حسین نعیمی نے کہا درخت زمین کا حسن اور اچھے ماحول کے ضامن ہیں۔دور حاضر میں شجرکاری وقت کی اہم ضرورت ہے۔ سایہ داراورپھل آور پودے اوردرخت لگائے جائیں۔معاشرے کے تمام شہری شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کرحصہ لیں اور آنیوالی نسلوں کو محفوظ مستقبل کی فراہمی یقینی بنائیں۔ درخت لگاناصدقہ جاریہ ہے اوردرخت ماحول میں آلودگی ختم کرنے کاباعث ہیں۔ ماحول دوست پودے زمین کا زیور اور آکسیجن کی فراہمی کا بڑا ذریعہ ہیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے جامعہ نعیمیہ میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا پودے اور درخت زیادہ ہونگے تو ایک تو یہ ہمیں آکسیجن وافر مقدار میں مہیا کریں گے اور دوسرا گرمی کی شدت میں بھی کمی آئے گی۔ بدقسمتی سے درختوں کی کمی کی وجہ سے ہمارے ہاں گرمی کی شدت اور دورانئے میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور اس کے علاوہ ماحولیاتی آلودگی کی شرح خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے۔ ہمیں ماحولیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کیلئے زیادہ سے زیادہ درخت اور پودے لگانے چاہئیں۔ ہمیں اپنے ماحول کو خوشگوار رکھنے کیلئے زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر قومی فرض کی انجام دہی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔

ای پیپر دی نیشن