لاہور(نیوز رپورٹر)صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر خواجہ عمران نذیر نے کہا ٹی ایچ کیو اور ڈی ایچ کیو ہسپتالوں میں بچوں کو ایمرجنسی کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے چیف منسٹر چلڈرن ایمرجنسی کیئر پروگرام لانچ کردیا گیا ہے۔ ان ہسپتالوں میں چائلڈ ایمرجنسی سہولت سے بچوں کی اموات کی شرح میں 50 فیصد کمی ہو گی۔ وزیر اعلی کی واضح ہدایات ہیں تمام ہسپتالوں میں سیوریج، واشرومز اور وارڈز کی صفائی پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ تمام سی ای اوز ہیلتھ کو ہدایت کی گئی کہ سرکاری ہسپتالوں کے معاملات بہتر کرنے کیلئے ایوننگ ریویو اجلاس روازنہ کریں۔ سیکرٹری صحت پنجاب علی جان خان نے کانفرنس کے دوران شعبہ صحت بارے ترجیحات پر روشنی ڈالی۔اس موقع پر صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا موٹر وے پر ایمرجنسی سروسز کا آغاز کیا جا رہا ہے۔موٹر وے کے ہر 30 کلو میٹر پر ریسکیو کی گاڑی موجود ہوگی۔ پنجاب بھر میں انسانیت کے دشمن عطائیوں کیخلاف جہاد جاری رہے گا۔ دریں اثنا ء خواجہ سلمان رفیق نے پی ڈی ایم اے ہیڈ آفس کا دورہ کیا۔ صوبائی وزیر نے پی ڈی ایم اے کنٹرول روم کا دورہ کرکے صوبہ بھر میں بارشوں کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔ پی ڈی ایم اے کے افسران نے صوبائی وزیر کو موجودہ موسمی صورتحال اور حفاظتی انتظامات بارے تفصیلی بریفننگ دی۔ جبکہ صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان نے ایران کے قونصل جنرل لاہور مہران مواحد فار سے ملاقات کی۔ خواجہ سلمان رفیق اور ایران کے قونصل جنرل لاہور مہران مواحد فار کے درمیان ایران جانیوالے زائرین کو صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی و دیگر امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ ایران کے قونصل جنرل لاہور مہران مواحد فار نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت کو سراہا۔
27 ویں سی ای اوز ہیلتھ، ایم ایس کانفرنس ،چیف منسٹر چلڈرن ایمر جنسی کیئر پروگرام لانچ
Jul 27, 2024