سری نگر‘ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ایک بار پھر پاکستان کیخلاف ہرزہ سرائی کی ہے۔ مودی نے مقبوضہ کشمیر میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے تاریخ سے کچھ نہیں سیکھا‘ دہشتگردی کی حمایت جاری رکھی ہوئی ہے۔ پاکستان نے جب بھی کوئی مہم جوئی کی اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ پاکستان دہشتگردی اور پراکسی وار کے ذریعے اپنی ناکام کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ دہشتگردی کے سرپرستوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ ان کے مذموم عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ بھارتی فوجی دہشتگردی کو پوری قوت سے کچل دیں گے۔ دریں اثناء پاکستان نے بھارتی وزیراعظم مودی کے جنگجوانہ ریمارکس کو مسترد کر دیا۔ ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ بھارتی رہنماؤں کے ایسے بیانات کشمیری عوام کی جدوجہد سے توجہ ہٹا نہیں سکتے۔ بھارت کو الزامات کی بجائے اپنی غیر ملکی مہم پر غور کرنا چاہئے۔ پاکستان کسی بھی جارحیت کے خلاف خود مختاری کی حفاظت کیلئے پرعزم ہے۔ طاقت کا اظہار اور جہالت علاقائی امن کو نقصان پہنچاتی ہے۔ طاقت کا اظہار اور جہالت پاکستان بھارت دیرینہ تنازعات بالخصوص مسئلہ کشمیر کے حل میں رکاوٹ ہیں۔ بھارت کو غیر ملکی علاقوں میں ٹارگٹڈ قتل‘ تخریب کاری اور دہشتگردی کو منظم کرنے کی اپنی مہم پر غور کرنا چاہئے۔
مودی نے پھر زہر اگل دیا: جنگجویانہ بیان مسترد کرتے ہیں: دفتر خارجہ
Jul 27, 2024