اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) پاک بحریہ کے نئے جہاز پی این ایس حنین کی کمشننگ کی تقریب رومانیہ کی بندرگاہ کانسٹینٹا (Constanta Port) پر ہوئی۔ چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ جبکہ رومانیہ کے چیف آف دی ڈیفنس سٹاف جنرل گورگھیٹا ولاد (Gheorghita Vlad) اور رومانیہ نیوی کے چیف، وائس ایڈمرل میہائی پینائیت (Mihai Panait) نے بھی بطور خاص شرکت کی۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق تقریب سے خطاب کے دوران پاک بحریہ کے سربراہ نے منصوبے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے پی این ایس حنین کی شمولیت سے پاک بحریہ کے آپریشنل دائرہ کار میں مزید صلاحیتوں کے اضافے پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے اپنے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ کثیرالمقاصد اور انتہائی مؤثر جہاز جو جدید ترین ہتھیاروں اور سینسر سے لیس ہیں۔ ان کی شمولیت پاک بحریہ کی دور دراز بین الاقوامی پانیوں میں موجودگی اور مستقل آپریشنل تیاری میں مزید اضافہ کے ساتھ ساتھ بحر ہند کے علاقے میں علاقائی میری ٹائم سکیورٹی پٹرولز (RMSP) پر تعیناتی کو مزید مستحکم کرے گی۔ چیف آف دی نیول سٹاف نے ڈیمن شپ یارڈ کی غیر معمولی پیشہ ورانہ مہارت اور لگن کو سراہتے ہوئے پاک بحریہ کو جدید ٹیکنالوجی کی فراہمی میں مستقبل کے امکانات پر بھی اظہار خیال کیا۔ پی این ایس حنین درمیانے حجم کا کثیرالمقاصد اور انتہائی سبک رفتار جہاز ہے جو اپنی حفاظت اور ٹرمینل ڈیفنس سسٹم کے ساتھ ساتھ جدید ترین الیکٹرانک وارفیئر، اینٹی شپ اور اینٹی ایئر وارفیئر کی صلاحیتوں کا بھی حامل ہے۔ یہ جہاز ملٹی رول ہیلی کاپٹر کو ساتھ رکھتے ہوئے آزادانہ طور پر اور کسی بھی ٹاسک فورس کے ساتھ مل کر لمبے عرصے تک متعدد آپریشنز سرانجام دینے اور پاکستان کے سمندری مفادات کے تحفظ کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ پی این ایس حنین کی کمیشننگ تقریب میں پاکستان، رومانیہ اور ہالینڈ کے اعلیٰ حکام اور رومانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے بھی شرکت کی۔
جدید ترین جہاز ’’جنین‘‘ کی بحریہ میں شمولیت: بحر ہند میں میری ٹائم سکیورٹی کو استحکام ملے گا، ایڈمرل نوید اشرف
Jul 27, 2024