اسلام آباد+ لاہور (اپنے سٹاف رپورٹر سے + خبر نگار خصوصی + نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ اور وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے جمعہ کو پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا جلسوں میں کچھ اور اجلاسوں میں کچھ کہتے ہیں۔ وزیراعلی خیبر پختونخوا کے بیانات تضادات کا مجموعہ ہیں۔ خیبر پی کے میں درخت کاٹنے کا سکینڈل سامنے آیا ہے۔ وزیراعلیٰ بتائیں کہ ٹمبر مافیا کے خلاف کیا اقدامات کئے؟۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ جماعت اسلامی کو لیاقت باغ میں دھرنے کی اجازت دی گئی تھی۔ جماعت اسلامی کی قیادت ہمارے لئے قابل احترام ہے۔ حکومت جماعت اسلامی کے ساتھ معاملات پر بات چیت کے لئے تیار ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ حافظ نعیم دور اندیش سیاستدان ہیں، انہوں نے ہمیشہ دانشمندی کا مظاہرہ کیا۔ حکومت اصلاحات کے ایجنڈے پر کام کر رہی ہے۔ عوام کو ریلیف کی فراہمی ہماری ترجیح ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ عوام کی بہتری کے لئے وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ دوست ممالک کے ساتھ ہمارے تعلقات بہتر ہوئے۔ سرمایہ کاری کے حوالے سے بات چیت چل رہی ہے۔ آئی ایم ایف معاہدے کے بعد معاشی اشاریئے روز بروز بہتر ہو رہے ہیں۔ جماعت اسلامی کے ساتھ اچھے ماحول میں بات کرنا چاہتے ہیں۔ جگہ جگہ پر دھرنوں سے شہریوں کی زندگی مشکل کا شکار ہوگی۔ ملک کی بہتری اور سالمیت کے لئے جماعت اسلامی پرامن جلسہ کر۔ے حکومتی ٹیم ان کے ساتھ مذاکرات کے لئے تیار ہے۔ وفاقی وزیر امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ امن کے قیام کے لئے ریاست کی رٹ قائم کرنا ہوگی، امن و امان کے لیے خفیہ اطلاعات پر مبنی کارروائی ہوگی، کوئی آپریشن نہیں ہو رہا، فوج کو ہر وقت متنازعہ بنانے سے گریز کرنا چاہئے، فوج صوبائی حکومت کی ریکوزیشن پر ہی آئی ہے۔ ایپکس کمیٹی میں بات ہوئی، وزیراعظم اور ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھی وضاحت کر دی تھی کہ کوئی آپریشن نہیں ہو رہا، جیسی باتیں ہو رہی ہیں ویسا کوئی آپریشن نہیں ہو رہا۔ انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے امن کا قیام یقینی بنائیں گے، اس میں نئی کوئی بات نہیں، نیشنل ایکشن پلان میں بھی اس پر عمل ہوا، تب نواز شریف کی سربراہی میں تمام سیاسی قوتیں اکٹھی ہوئیں، امن و امان پر سیاست نہ کی جائے، قوم کو گمراہ کرنے کی کوشش نہ کی جائے۔ وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے سوچے سمجھے منصوبے کے تحت عظمیٰ بخاری کے حوالے سے ڈیپ فیک کے استعمال کے ذریعے ایک گھٹیا اور غلیظ حرکت کی۔ صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب میں دفعہ 144 دہشتگردی کے پیش نظر لگائی گئی ہے۔ جو بھی قانون کی خلاف ورزی کرے گا اس سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ احتجاج اور دھرنے کے نام پر شہریوں کی زندگیاں اجیرن بنانے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جو جماعت 2014 سے سڑکوں پر ہے تین دن گھروں میں آرام کر لے۔ پاکستان میں انتشار افراتفری اور ہیجان کی کیفیت پیدا کرنا ہی دھرنا پارٹی کا ایجنڈا ہے۔ آپ لوگوں کو اڑھائی گھنٹے والی بھوک ہڑتال ہی سْوٹ کرتی ہے۔ آپ لوگوں کے لئے 3 سے 7 والی ٹائمنگ بہتر ہے۔