سپیکر پنجاب اسمبلی نے اپوزیشن لیڈر کا عہدہ خالی قرار دیدیا

لاہور (خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کا عہدہ خالی قرار دیدیا اور کہا ہے کہ  اپوزیشن لیڈر سنی اتحاد کونسل کے پلیٹ فارم سے بنا اب اس جماعت کا کوئی وجود نہیں، سنی اتحاد کونسل کے ارکان پی ٹی آئی میں جا چکے ہیں، سپیکر نے اسمبلی کے معاملات کو سلجھانے کیلئے اپوزیشن اور حکومت کو ایک بار پھر پیغام بھجوا دیا، سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے گزشتہ روز پنجاب اسمبلی پریس کانفرنس میں کہا کسی کو ایوان میں گالی نہیں دینے دوں گا۔ گالی اور نفرت کے اثرات دور تک جاتے ہیں، پانچ ماہ میں ستر فیصد ایوان کا وقت اپوزیشن کو دیا لیکن اگر اپوزیشن گالیوں کی سیاست کرے گی تو یہ برداشت نہیں۔ اپوزیشن ریکوزیشن کرکے اجلاس بلاتی ہے اور پھر ایوان میں بھی نہیں آتی۔ الٹا ٹی اے ڈی اے کیلئے جعلی حاضریاں بھی لگاتے ہیں۔ علی بابا چالیس چور تو سنے تھے اب علی بابا ساٹھ سپوت قوم کے دیکھے ہیں۔ سپیکر کا کہنا تھا کہ ایتھکس کمیٹی بنا دی ہے حکومت سے بھی رابطہ کیا ہے اپوزیشن کو بھی پیغام بھجوایا ہے، سپیکر نے واضح کیا کہ جو گاڑیاں میرے آفس کیلئے خریدی گئیں وہ سپیکر آفس کیلئے ہیں وہ ملکی و غیر ملکی اعلی شخصیات جب دورہ پر اسمبلی آتے ہیں تو ان کیلئے یہ گاڑیاں درکار ہوتی ہیں، باقی اسمبلیوں میں سپیکر کے پاس لگژری گاڑیاں ہیں میں نے لگژری گاڑیاں نہیں خریدیں، سپیکر نے صوبائی وزیر عظمی بخاری کے ویڈیو کے معاملہ کو بھی افسوسناک قرار دیا کہا جعلی ویڈیوز کے ذریعے ڈیجیٹل دہشت گردی کی جا رہی ہے، ڈیجیٹل دہشتگردی پر وفاق ایکشن لے رہا ہے۔

ای پیپر دی نیشن