آٹے کی قیمتوں میں کمی پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے،کمشنر راولپنڈی

راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹر سے)کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے صارفین کی جانب سے ضلع راولپنڈی میں روٹی مہنگے داموں فروخت ہونے کی شکایات کا فوری نوٹس لیا۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر کو ہدایت کی کہ شکایات میں نشاندہی کی گئی جگہوں پر فوری چیکنگ کر کے رپورٹ کیا جائے۔ کمشنر راولپنڈی نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وزیر اعلی پنجاب کی جانب سے آٹے کی قیمتوں میں کی گئی کمی پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آٹے کی قیمت میں کمی کا فائدہ عوام تک پہنچانے کے لئے ضروری ہے کہ پرائس مجسٹریٹس فیلیڈ میں فعال رہیں اور تندور و ہوٹلز کی چیکنگ کریں تاکہ روٹی پر مقررہ نرخوں سے زائد وصولی نہ ہو۔کمشنر نے کہا کہ زائد نرخوں کی شکایت کے لیے عوام الناس کے لیے قیمت پنجاب ایپ بھی موجود ہے جس میں اوور چارجنگ کے حوالے سے اپنی  شکایات درج کروائیں۔ قبل ازیںکمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامرخٹک نے کہا ہے کہ حالیہ درجہ حرارت ڈینگی لاروا کی بریڈنگ کیلئے نہایت موزوں ہے جس کے پیش نظر تمام سرکاری محکمے مقررہ ایس اوپیز پرعملدرآمد یقینی بناتے ہوئے انسداد ڈینگی سرگرمیوں میں اپنا بھرپور کردار ادا کر یں۔ نیز انسداد ڈینگی مہم میں صفائی کو خصوصی اہمیت دیتے ہوئے ماحول کو صاف ستھرا بنانے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔

ای پیپر دی نیشن