راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹرسے)چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے راولپنڈی کا دورہ کیاانہوں نے پولیس لائن راولپنڈی کے کمانڈ اینڈ کنٹرول روم میں قائم ویمن کاؤنٹر، تحفظ مرکز اور ڈسٹرکٹ ویمن پروٹیکشن سنٹر، سوشل ویلفیئر کمپلیکس شمش آباد کا تفصیلی دورہ کیا ایس پی ہیڈ کوارٹر بینش فاطمہ نے چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کو پولیس لائن راولپنڈی کے کمانڈ اینڈ کنٹرول روم مین ویمن پروٹیکشن کے حوالے سے قائم کاؤنٹر، شکایت سیل اور ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن کے حوالے سے بریفنگ دی۔ انہوں نے بریفنگ میں بتایا کہ خواتین کی شکایات کا نہ صرف ازالہ کیا جاتا ہے بلکہ انہیں تحفظ بھی فراہم کیا جاتا ہے۔ چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی نے تحفظ مرکز کا بھی دورہ کیا اور خواتین کو تحفظ فراہم کرنے کے حوالے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ بعد ازاں چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی نے ڈسٹرکٹ ویمن پروٹیکشن سنٹر، سوشل ویلفیئر کمپلیکس شمش آباد کا دورہ کیا اور خواتین کے تحفظ کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیااس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز خواتین کے حقوق کی محافظ ہیں۔ خواتین کے حقوق کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔ انسداد تشدد اقدامات یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہے ہیں۔خواتین معاشرے کا اہم حصہ ہیں۔ زندگی کے ہر میدان میں خواتین کی شمولیت اور کردار کے بغیر ترقی ممکن نہیں انہوں نے کہا کہ خواتین کو مکمل قانونی تحفظ اور آزادی کے ساتھ معاشرے میں اپنا کردار ادا کرنے کا حق حاصل ہے۔ تشدد اور زیادتی کا شکار خواتین کو ڈسٹرکٹ ویمن پروٹیکشن سنٹر میں مکمل تحفظ فراہم کیا جاتا ہے پنجاب بھر کی طرح راولپنڈی میں پنجاب ویمن پروٹیکسن اتھارٹی بروقت خواتین کے تحفظ کے لیے سرگرم ہے۔ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن خواتین کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے ہمہ وقت کام کرتے ہیں خواتین کی شکایات کے ازالے کے لیے پولیس لائن راولپنڈی میں کمانڈ اینڈ کنٹرول روم میں ویمن پروٹیکشن کاؤنٹر کام کر رہا ہے۔ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر راولپنڈی رانا شاہد، ڈسٹرکٹ ویمن پروٹیکشن آفیسر رضوانہ بشیر اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔