اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ دنیا میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس اب مستقبل نہیں بلکہ موجودہ حقیقت ہے،پاکستان دنیا میں آئی ٹی اور انفارمیشن پاور بن کر ابھرے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے 2017 میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس کا قومی سینٹر قائم کیا، 2023 میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی قومی ٹاسک فورس قائم کی۔ہم نے وڑن 2025 کے تحت جدید ٹیکنالوجیز کے نیشنل سینٹر فار ایکسی لینس بنائے اور ہر سنٹر کو آٹھ دس یونیورسٹیوں کے انجینئرنگ لیب سے منسلک کیا۔یہ سینٹرز وقت پر نہ قائم ہوئے ہوتے تو ہم بہت پیچھے رہ جاتے۔احسن اقبال نے کہا کہ اے آء ٹاسک فورس ایک ماہ میں تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت مکمل کرے، اگست میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی حتمی پالیسی کابینہ کو منظوری کے لئے پیش کی جائے گی۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان میں پالیسییوں کا تسلسل برقرار نہ رہنے کی وجہ سے ہمیشہ ترقیاتی پالیسیوں میں رکاوٹ پیش آتی ہے ،ایک سازش کے تحت قوم کی خود اعتمادی کو ختم کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ قوم کو چور اور ڈاکو بنا کے پیش کیا گیا جبکہ پاکستانی قوم کی پہچان اسکی ذہانت اور محنت ہے۔ سی پیک 2013 میں شروع کیا تو دھرنے بھی شروع ہو گئے۔سی پیک کے راستوں میں روڑے اٹکانے کے باوجود ملک میں 25 ارب ڈالر کی انوسٹمنٹ پاکستان میں آئی ۔انہوں نے کہا کہ جب بھی پاکستان معاشی طور پر چلنے لگتا ہے تو ہمارا راستہ روکا جاتا ہے ،اب سی پیک فیز ٹو شروع ہو رہا ہے تو فساد اور انتشار کے کردار پھر سے سرگرم ہو گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین نے وزیر اعظم کے دورہ چین کے دوران 2 لاکھ پاکستانی نوجوانوں کو آئی ٹی کی ٹریننگ دینے کا وعدہ کیا ہے ،چین کی وزارت تعلیم ہمارے نوجوانوں کی ٹریننگ میں تعاون کرنے کے لیے تیار ہے، دنیا میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی مختلف پہلوؤں میں تیزی سے ترقی ہو رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ بعض ممالک پاکستانی طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی میں تعلیم کے ویزے نہیں دے رہے مگر ہم جدید ٹیکنالوجی ہر قیمت پہ حاصل کریں گے،اس ٹاسک فورس کی تجاویز کو دیگر صوبوں کے ساتھ بھی شیئر کیا جائے،صحت ، تعلیم، فنانس ، زراعت کے شعبوں میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس سے انقلابی نتائج حاصل کئے جائیں گے،جلد ہی ایک نیشنل کانفرنس برائے آرٹیفیشل انٹیلیجنس میں پاکستان بھر کے ماہرین کو شرکت کی دعوت دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ کیا وجہ ہے کہ پاکستان کے نوجوان سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک اور ٹویٹر جیسے کامیاب پلیٹ فارم نہیں بنا سکتے ،ایک سیاسی جماعت نوجوانوں کو آرٹیفیشل انٹیلی جنس کا منفی استعمال سکھا رہی ہے،حال ہی میں خواتین کی آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے ذریعے کردار کشی کی گئی ،ہم آرٹیفیشل انٹیلیجنس سے کردار کشی کا نہیں بلکہ قومی ترقی کا استعمال لیں گے،پاکستان دنیا میں آئی ٹی اور انفارمیشن پاور بن کر ابھرے گا۔وزارت تعلیم ، وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی، چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور نجی کمپنیوں کو مدعو کیا جارہا ہے تاکہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس پر مبنی ٹاسک فورس کی تجاویز پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔