کیپٹن محمد سرور شہید نشانِ حیدر کی 76 ویں برسی کے موقع پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے شہید کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق کیپٹن محمد سرور شہید کی ہمت اور ثابت قدمی کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا، انہوں نے 1948ء میں تلپترا آزاد کشمیر میں وطن کے دفاع میں غیر متزلزل حوصلے اور بہادری کا مظاہرہ کیا اور شہادت حاصل کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کیپٹن سرور شہید (نشانِ حیدر) کے 76ویں یوم شہادت پر آبائی گاؤں نگھوڑی میں ان کی یادگار پر تقریب منعقد کی گئی جس میں لیفٹیننٹ کرنل محمد فیاض کمانڈنگ آفیسر 2 پنجاب مہمان خصوصی تھے، انہوں نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی طرف سے شہید کی یادگار پر پھول رکھے اور شہید کی درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا ہے کہ 8 بلوچ رجمنٹ کے چاق و چوبند دستے نے کیپٹن محمد سرور شہید کے مزار پر سلامی پیش کی۔
علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کے پہلے نشانِ حیدر کیپٹن محمد سرور شہید کے 76ویں یومِ شہادت پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کیپٹن محمد سرور شہید نے 1948ء کی جنگ میں جرات و بہادری کی مثال سے جامِ شہادت نوش کیا، انہوں نے آئندہ نسلوں کیلئے مادرِ وطن سے وفا کی لازوال مثال قائم کی۔
وزیراعظم نے کہا ہے کہ کیپٹن سرور شہید نشانِ حیدر کا یومِ شہادت پوری قوم کو اپنے شہداء کی بے مثال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، پاکستانی قوم ملکی دفاع کیلئے افواجِ پاکستان کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کرسکتی۔
ان کا کہنا ہے کہ افواجِ پاکستان کے افسران و جوان ملک کے دفاع کیلئے عظیم قربانیاں دیتے آئے ہیں اور دے رہے ہیں، مجھ سمیت پوری قوم کو پاک فوج کے شہداء اور ان کے اہلِ خانہ پر فخر ہے، قوم ملکی دفاع کی خاطر اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر افواجِ پاکستان کے افسران و جوانوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔