سعودی عرب میں الرین، بیشہ شاہراہ پر گرد و غبار کے باعث گاڑیاں ایک دوسرے سے ٹکرا گئیں، جس کے نتیجے میں 4 افراد لقمہ اجل بن گئے۔
سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق حکام نے بتایا کہ حادثے کے باعث 4 افراد جاں بحق اور 19 زخمی ہوگئے، زخمیو ں کو سعودی ہلال احمر کی ایمبولنسز کے ذریعے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حادثے میں زخمی ہونے والے بعض افراد کو گھر بھیج دیا گیا ہے جبکہ کچھ کو علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرلیا گیا۔
اس سے قبل یمن میں تارکین وطن کی کشتی رات گئے حادثے کا شکار ہوگئی، کشتی اُلٹنے کے باعث 45 افراد سمندر کی لہروں کی نظر ہوگئے۔
اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین کا کہنا ہے کہ کشتی الٹنے کا واقعہ یمن کے شہر تائز گورنریٹ کے سمندر میں گزشتہ رات پیش آیا۔
رپورٹس کے مطابق کشتی کو حادثہ تیز ہواؤں اور گنجائش سے زیادہ افراد کے سوار ہونے کی وجہ سے پیش آیا، حادثے کے وقت کشتی میں 45 تارکین وطن سوار تھے۔