بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر نوائیڈا میں چوروں کا ایک گروپ سر گرم ہے جس نے اپنے چوری کے انوکھے طریقہ واردات سے شہریوں کو خوفزدہ کیا ہوا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق چوروں کا یہ گروہ گھر میں ڈکیتی کی واردات کیلئے تو جاتا ہی ہے لیکن قیمتی سامان چرانے سے قبل یہ گروہ پہلے کچن کا رخ کرتا ہے اور پکوڑے بنا کر کھاتا ہے، صرف اتنا ہی نہیں یہ گروہ فریج میں رکھے کھانے کا بھی لطف اٹھاتا ہے اور کھا پی کر آرام کے بعد پھر اپنی کارروائی شروع کرتا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق اسی طرح کا واقعہ سیکٹر 25 میں بھی پیش آیا جہاں چور نے پہلے پکوڑے بنا کر کھائے اور پھر 3 لاکھ بھارتی روپے مالیت کے زیوارت کو لوٹ کر فرار ہوگئے۔بھارتی میڈیا کا کہنا ہےکہ چوری سمیت کھانا کھانے کے علاوہ یہ گروہ پان بھی کھاتا ہے اور گھروں کے باتھ روم میں تھوک کر جاتا ہے۔پولیس کے مطابق اس گروہ نے ایک دن میں 6گھروں کو لوٹا ہے جہاں ایک جیسے ہی طریقہ واردات کو اپنایا گیا، چوروں کے اس گروہ کو پکڑنے کیلئے اسپیشل ٹاسک فورس ترتیب دی گئی ہے اور انہیں قانون کی گرفت میں لانے کی کوشش جاری ہے۔
بھارت میں انوکھی چوری، واردات سے قبل چوروں نے گھر میں پکوڑے بنا کر کھائے
Jul 27, 2024 | 14:45