سپین کے جارج لورینزو نے موٹوجی پی موٹرسائیکل چیمپئن شپ کی چھٹی ریس ڈچ گراں پری جیت کر سیزن میں چوتھی کامیابی حاصل کر لی۔

Jun 27, 2010 | 16:52

سفیر یاؤ جنگ
ہالینڈ کے ایسن سرکٹ پر ہونے والی ریس میں یاماہا رائیڈر جارج لورینزو نے مقررہ فاصلہ اکتالیس منٹ اور اٹھارہ اعشاریہ چھ دو نو سیکنڈز میں طے کر کے کامیابی حاصل کی۔ سپین ہی کے ڈینی پیڈروسا اکتالیس منٹ اور اکیس اعشاریہ پانچ چھ سیکنڈز کے ساتھ دوسرے اور سابق عالمی چیمپئن آسٹریلیا کے کیسی سٹونر اکتالیس منٹ اور پچیس اعشاریہ چھ پانچ سیکنڈز کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔ گزشتہ ریس میں زخمی ہونے والے دفاعی چیمپئن اٹلی کے ویلنٹینو روزی اس ریس میں بھی حصہ نہ لے سکے۔
سیزن کی چہ ریسز مکمل ہونے کے بعد چیمپئن شپ پوائنٹس ٹیبل پر جارج لورینزو ایک سو چالیس پوائنٹس کے ساتھ بدستور سرفہرست ہیں۔ ہونڈا رائیڈر ڈینی پیڈروسا ترانوے پوائنٹس کے ساتھ دوسری اور اٹلی کے اینڈری ڈویزیوسو نواسی پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن پر موجود ہیں۔
مزیدخبریں