ملتان (سپورٹس ڈیسک) سرینا ولیمز‘ بیلاروس کی آذرنیکا اور رابن سوڈرلنگ ومبلڈن ٹینس چیمپئن شپ کے چوتھے راونڈ میں پہنچ گئے ہیں۔ ومبلڈن (لندن) میں جاری ایونٹ میں گزشتہ روز کھیلے گئے تیسرے راونڈ کے میچوں میں دفاعی چیمپئن سرینا ولیمز نے سلواکیہ کی ان سیڈڈ کھلاڑی ڈومینکا سبکووا کو باآسانی 7-5, 6-0 سے شکست دے دی۔ امریکی سٹار نے پہلا سیٹ صرف 18 منٹ میں اپنے نام کیا۔ سلوواکین سٹار نے نسبتاً بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا تاہم وہ امریکی حریف کی زوردار سروس کے سامنے بے بس نظر آئیں۔ سبکووا نے 10 ویں گیم میں میچ پوائنٹ پچا لیا لیکن 2 گیمز بعد سرینا ولیمز نے دوسرا سیٹ جیت کر اگلے مرحلہ میں جگہ بنا لی۔ میچ 67 منٹ جاری رہا 7 سیڈڈ ایگنیز کاراڈوانسکا نے اٹلی کی سارا ایرانی کو 6-1, 6-3 سے ہرا کر چوتھے راونڈ میں جگہ بنائی۔ ایریانی پہلے سیٹ میں 5 بریک پوائنٹ سے فائدہ اٹھانے میں ناکام رہیں۔ جس میں راڈوانسکا کے پہلے سروس گیم کے 3 پوائنٹس شامل تھے۔ تیسرے راونڈ کے ایک اور میچ میں بیلاروس کی وکٹوریا آذرنیکا نے ان سیڈڈ چیک حریف پیٹرا ویٹووا کو 6-0, 7-5 کے سکور سے کورٹ بدر کر دیا۔ مردوں کے تیسرے راونڈ میں 6 سیڈڈ رابن سوڈرلنگ نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے نوجوان برازیلوی حریف تھومز بیلوکی کو سٹریٹ سیٹس میں 7-5, 6-2, 6-4 سے قابو کر لیا۔ چوتھے راونڈ میں سوڈرلنگ کا مقابلہ 9 سیڈڈ سپین کے ڈیوڈ فیرر سے ہوگا جنہوں نے عالمی نمبر 55 چارڈی کو 7-5, 3-6, 4-6, 6-3, 7-5 سے شکست دی۔