ہال روڈ دھماکے : وزیراعلیٰ نے تحقیقات کا حکم دے دیا: حکومت مﺅثر اقدامات کرے‘ امین مظہر بٹ‘ دیگر تاجر رہنما

Jun 27, 2010

سفیر یاؤ جنگ
لاہور (کامرس رپورٹر+ اے پی پی) کاروباری برادری نے ہال روڈ پر دھماکوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت دہشت گردی کے خاتمے کے لئے مﺅثر اقدام کرے، کاروباری سرگرمیاں دہشت گردی کے باعث ختم ہو چکی ہیں۔ قومی تاجر اتحاد کے رہنما اور ہال روڈ کے جنرل سیکرٹری امین مظہر بٹ نے کہا کہ ہال روڈ پر دھماکوں کی دھمکی بہت عرصہ قبل دی گئی تھی اس کی اطلاع ہم نے حکومت کو دی لیکن ہمیں مﺅثر سکیورٹی فراہم نہیں کی گئی جس کے نتیجے میں اب دھماکے ہو گئے اللہ کا شکر ہے کہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، دہشت گرد ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ حکومت ہال روڈ پر سکیورٹی کے مﺅثر اقدامات کرے، انجمن تاجران لاہور کے صدر محمد اشرف بھٹی اور مال روڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے صدر راجہ حامد ریاض نے کہا کہ لاہور میں مارکیٹیں مسلسل دہشت گردی کا نشانہ بن رہی ہیں، ہال روڈ کے علاوہ دیگر مارکیٹوں کے لئے دھماکوں کی دھمکی ہے، حکومت مارکیٹوں میں سکیورٹی کے مﺅثر انتظام کرے۔ تاجر برادری حکومت کے ساتھ ہے اور دہشت گردوں کے عزائم بھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ صدر ہال روڈ بابر محمود نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہال روڈ پر 7 ہزار سے زائد دکانیں ہیں اور یہاں 30 ہزار سے زائد افراد روزانہ آتے ہیں۔ حکومت پنجاب کی طرف سے مطلوبہ سکیورٹی فراہم نہیں کی گئی جس کے بارے میں پولیس حکام کو بار بار لکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہال روڈ کی مارکیٹ ایشیاءکی بڑی مارکیٹوں میں شمار ہوتی ہے جس کے داخلی و خارجی راستوںپر سکیورٹی کا انتظام موثر انداز میں ہونا چاہئے، یہاں کیمرے اور مانیٹرنگ سسٹم نصب ہونا چاہئے۔ ہال روڈ کے تاجر نعیم میر نے کہا کہ دہشت گردوں کا مقصد خوف و ہراس پھیلانا تھا لیکن تاجر ان کارروائیوں سے خوفزدہ نہیں ہو سکتے۔ ہم ہر طرح کے حالات کا مقابلہ کرینگے۔
مزیدخبریں