لاہورکے ایک مقامی ہوٹل میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت مستحقین میں چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئےامتیاز صفدر وڑائچ کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو شہید کے نعرے روٹی کپڑا اور مکان پر عمل کررہی ہے اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت مستحقین کو بلا تفریق امداد فراہم کی جارہی ہے ۔ آزاد کشمیر کے انتخابات کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے امتیاز صفدر وڑائچ نے کہا کہ اصولوں کی سیاست کے دعوے داروںنے کل لاہور میں جو کچھ کیا وہ ریاستی دہشت گردی کی بدترین مثال ہے۔ پولیس کے ذریعے پیپلز پارٹی کے کارکنوں اور رہنماؤں پر بدترین تشدد کیا گیا لیکن آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی کی فتح نے ثابت کر دیا ہے کہ کوئی کچھ بھی کر لے عوام پیپلز پارٹی کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن بنانے کے مطالبے کرنے والےپہلے اپنے معاملات پر بھی کمیشن بنوائیں۔ امتیاز صفدر وڑائچ نے کہا کہ مقبولیت کا دعوی کرنے والے عمران خان کو آزاد کشمیر سے کوئی بھی امیدوار نہیں ملا۔ انکا کہنا تھا کہ میاں شہباز شریف نے خوشحال صوبے کو مقروض بنا دیا ہے۔غیر ملکی امداد سے انکار کرنے والے وزیر اعلی حساب دیں کہ بجٹ دو ہزار گیارہ بارہ میں غیر ملکی امداد کا کیا حجم ہے۔