گورنرسندھ کے استعفے کااعلان ڈاکٹرفاروق ستارنے اپنی پریس کانفرنس کے دوران کیا، جس کے بعد گورنرہاؤس کے ترجمان نے اس بات کی تصدیق کی کہ عشر ت العباد نے استعفی دیدیا ہے اوراستعفی ایوان صدرکوبھجوادیاگیا ہےتاہم ایوان صدر کاکہنا ہے کہ گورنرسندھ کااستعفی ابھی تک موصول نہیں ہوا گورنرسندھ کے استعفے کے بعد ایوان صدرسے جاری ہونے والے بیان میں کہاگیا ہے کہ گورنرسندھ اپنے فیصلے پر نظرثانی کریں، ترجمان ایوان صدرفرحت اللہ بابر کے مطابق پیپلز پارٹی سیاسی استحکام کے لیے مفاہمت کی پالیسی جاری رکھے گی ۔ ان کا کہنا تھا کہ صدر آصف علی زرداری برطانیہ میں ہیں اور گورنر کا استعفی ابھی تک موصول نہیں ہوا۔ صدارتی ترجمان نے کہا کہ ملک بالخصوص سندھ کو بہت سے مسائل کا سامنا ہے جنہیں حل کرنا ابھی باقی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ گورنر ملک کے وسیع تر مفاد میں فیصلے پر نظر ثانی کریں گے اور صوبے کی بہبود کے لیے کام جاری رکھیں گے۔