”حکمرانوں نے زخم تازہ کر دئیے“ سربجیت کے دھماکے میں زخمی ہونے والا حاجی تاج

Jun 27, 2012

سفیر یاؤ جنگ
لاہور (سٹاف رپورٹر) بھارتی جاسوس سرب جیت سنگھ پاکستان میں بھاٹی گیٹ سمیت17دھماکوں میں سینکڑوں پاکستانیوں کو جان سے مارنے کا مجرم ہے مگر پاکستانی حکومت اس بڑے دہشت گرد کو رہا کرنے میں جتنی بے چینی کا مظاہرہ کر رہی ہے اس نے ہمارے پرانے زخموں کو پھر سے تازہ کر دیا ہے۔ان خیالات کا اظہار بھاٹی گیٹ بم دھماکے میں18 مئی1990کو زخمی ہونے والے حاجی تاج علی نے گزشتہ روز نوائے وقت سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت نے آج تک نہیں پوچھا کہ سربجیت کی طرف سے کئے گئے بم دھماکوں میں جاں بحق ہونے والوں کے ورثا اور زخمی ہونے والے افراد کس حالت میں ہیں مگر اس قومی مجرم کو رہا کرنے کے اعلانات کر کے محب وطن پاکستانیوں کے زخموں پر نمک پاشی کی جا رہی ہے، انہوں نے کہاکہ جس مجرم کو بے نظیر بھٹو کی حکومت نے پھانسی کی سزا سنائی تھی اسے اب انکے شوہر رہا کرنے پر تلے ہوئے ہیں، اگر ہمارے حکمران نہیں سنتے تو اللہ ضرور ہمارے ساتھ انصاف کریگا، پاکستان میں انصاف کو مذاق بنا کر رکھ دیا گیا ہے یہاں قانون کا احترام ہے نہ عدالتوں کا جس پر میں شدید احتجاج کرتا ہوں اور چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اس قومی مجرم کو یوں رہا کرنے کا ازخود نوٹس لیں۔
مزیدخبریں