سرینگر(این این آئی)مقبوضہ کشمیرمیں ضلع بانڈی پورہ کے لوگوں نے بھارتی نیشنل ہائیڈروالیکڑک پاور کارپوریشن (این ایچ پی سی)کی طرف سے علاقے میں بنائے جانیوالے متنازعہ کشن گنگا ہائیڈل پاور منصوبے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایک بڑی تباہی کا پیش خیمہ قرار دیا ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق ڈیم کی تعمیر کے باعث ضلع میں موجود بڑی ندیوں کا پانی آلودہ ہوچکا ہے جو پینے کے قابل ہے نہ مچھلیوں کے رہنے کے قابل رہا ہے ۔کئی دیہات کے لوگوں نے کہا کہ ڈیم کی تعمیر سے اٹھنے والے گرد وغبار کے علاوہ ایشیاءمیں موجود تازہ پانی کی سب سے بڑی جھیلوں میں سے ایک ولر جھیل کو شدید ماحولیاتی آلودگی کا خطرہ ہے ۔ ڈیم کی تعمیر میں شامل بھارتی کنسٹریکشن کمپنی کے ایک سینئر افسر نے گفتگو کرتے ہوئے لوگوں کے الزامات کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ تعمیراتی کام سے ضلع کی ندیاں اور پانی کے دیگر ذخائر آلودہ ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعمیراتی کام میں استعمال ہونے والے کیمیکل بعد میں مدومتی ندی میں بہا دیئے جاتے ہیں جو براہ راست ولر جھیل میں جاگرتی ہے۔
مقبوضہ کشمیر، متنازعہ کشن گنگا ہائیڈل پاور منصوبے کی تعمیر، وولر جھیل خطرے سے دوچار
Jun 27, 2013