اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی کابینہ میں توسیع کیلئے 3 وفاقی وزراء(آج) جمعرات کو ایوان صدر میں حلف اٹھائیں گے۔ حلف برداری کی تقریب سہ پہر 3 بجے ایوان صدر میں منعقد ہوگی جس میں صدر آصف علی زرداری نئے وفاقی وزراءسے حلف لیں گے۔ اس موقع پر وزیر اعظم میاں محمد نوازشریف بھی تقریب میں شرکت کریں گے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق بہاولپور سے مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما ریاض حسین پیرزادہ جو 7 جون کو تاخیر سے پہنچنے کے باعث حلف نہیں اٹھا سکے تھے۔ وہ وفاقی وزیر کے طور پر حلف اٹھائیں گے جبکہ ایوان صدر کے ذرائع کا کہنا ہے 3 وفاقی وزراءکے حلف اٹھانے کیلئے وزیر اعظم آفس سے اطلاع دی گئی ہے۔ حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ جے یو آئی کی حکومت میں شامل ہو نے کی صورت میں اکرم درانی وفاقی وزیر کا حلف اٹھائیں گے جبکہ اسلام آباد سے مسلم لیگ (ن) کے ایم این اے ڈاکٹر فضل چودھری وزیر مملکت کا حلف اٹھائیں گے۔ سینٹ میں فاٹا کے پارلیمانی لیڈر عباس آفریدی کے قریبی ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ میں عباس آفریدی کی بھی شمولیت کا امکان ہے۔ صدر زرداری سے وزیراعظم نوازشریف کی ملاقات بھی ہوگی۔