زکریا یونیورسٹی کا ہاورڈ فیلڈ کےساتھ باہمی اشتراک کا معاہدہ طے پا چکا : ماریہ ندیم

ملتان (نمائندہ نوائے وقت) بہاءالدین زکریا یونیورسٹی ملتان میں شعبہ فاصلاتی نظام تعلیم کے زیراہتمام جاری پانچ روزہ ٹیچرز ٹریننگ ورکشاپ برائے خصوصی تعلیم کے تیسرے روز کے سیشن سے برطانیہ کی نامور یونیورسٹی آف ہاورڈ فیلڈ کی ریجنل ڈائریکٹر برائے پاکستان مسز ماریہ ندیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اعزاز کی بات ہے کہ بہاءالدین زکریا یونیورسٹی جیسی نامور یونیورسٹی اور یونیورسٹی آٰف ہاورڈ فیلڈ کے ساتھ باہمی اشتراک کا معاہدہ طے پا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لئے وائس چانسلر ڈاکٹر خواجہ علقمہ اور ڈائریکٹر فاصلاتی نظام تعلیم و انسٹیٹیوٹ آف سوشل سائنسز ڈاکٹر اسحاق فانی کو ہاورڈ فیلڈ کے مطالعاتی دورے کی دعوت دے دی گئی ہے۔ دریں اثناءیونیورسٹی آف ہاورڈ فیلڈ کی ڈائریکٹر انٹرنیشنل افیئرز ڈاکٹر سوئی سٹیپل بھی ستمبر میں بہاءالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کا دورہ کریں گے۔ اس اقدام کا مقصد بہاءالدین زکریا یونیورسٹی اور خصوصاً انسٹی ٹیوٹ آف سوشل سائنسز و فاصلاتی نظام تعلیم کے شعبہ کو تحقیق و تدوین میں نمایاں مقام دلوانے میں اہم کردار ادا کرنا ہے۔ ماریہ ندیم نے طلباءو طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہاورڈ فیڈز یونیورسٹی میں آنے والے طلباءکو وظائف دئے جائیں گے جبکہ ٹیوشن فیس میں بھی خصوصی رعایت کی جائے گی۔ ورکشاپ سے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی آف فیصل آباد کے ڈائریکٹر فاصلاتی نظام تعلیم پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم ڈاکٹر محمد اسحاق فانی‘ اسسٹنٹ پروفیسر شیراز حمید اور دیگر اساتذہ بھی موجود تھے۔

ای پیپر دی نیشن